معروف ثنا خواں الحاج سعید ہاشمی مختصر علالت کے بعد بدھ کو کراچی میں وفات پاگئے


کراچی (اسٹاف رپورٹر)”لم یات نظیرک فی نظر،مثل تو نہ شد پیدا جاناں“جیسی شہرہ آفاق نعت پڑھ کے عالمی شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے عاشق رسول ﷺ معروف ثنا خواں الحاج سعید ہاشمی مختصر علالت کے بعد بدھ کو کراچی میں وفات پاگئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کی عمر 70برس تھی، الحاج سعید ہاشمی نے پس ماندگان میں بیوہ اور ایک لے پالک صاحب زادی کو سوگوار چھوڑا ہے۔ وہ گزشتہ کئی روز سے کراچی کے نجی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نے بدھ کو اپنی جان جان آفریں کے سپرد کر دی ، الحاج سعید ہاشمی کے اہل خانہ نے بتایا ہے کہ انہیں گردوں کا عارضہ لاحق تھا اور طبیعت بگڑنے پردس روز قبل انہیں مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں بدھ کو ان کی وفات ہو گئی۔الحاج سعید ہاشمی کی نماز جنازہ بدھ کو بعد نماز عشاساڑھے آٹھ بجے عیدگاہ گراﺅنڈ ناظم آباد نمبر3میں پڑھائی گئی جس میں ان کے عزیز و اقارب، نعت خوانوں،ان کے شاگردوں، عقیدت مندوں اور اہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ ان کی تدفین عیسیٰ نگری قبرستان میں عمل میں آئی۔ ان کی تدفین کے موقع پر بہت رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، نعت خوان حضرات اور ان کے عقیدت منسوں نے انہیں اشک بار آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا۔ مرکزی گلبہارنعت کونسل پاکستان کے چیئرمین عقیل احمدعباسی نے کہاہے کہ الحاج سعید ہاشمی نے ساری زندگی حضورنبی کریم ﷺ کی مدح سرائی میں گزاری، فروغ نعت میں ان کی خدمات بے پایاں وبے مثال ہیں۔ یہ بات انہوں نے عالم اسلام کے ممتاز و معروف ثناء خوان رسول الحاج سعید ہاشمی کی رحلت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ پاک الحاج سعید ہاشمی کے درجات بلند کرے اور انہیں اپنے جواررحمت میں جگہ دے۔انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے اظہارافسوس کرتے ہوئے ان کے لئے صبر جمیل کی دعاکی۔علاوہ ازیں مرکزی گلبہارنعت کونسل کے سرپرست اعلیٰ پیرزادہ سید خالد حسن رضوی الکرمانی، بانی وسرپرست الحاج قمر خاں رحمانی، طاہر حسین طاہر، سید خورشید حسین رضوی الکرمانی، سعید احمد فریدی،حافظ سید ارشادحسین اشرفی، سید زاہد علی قادری، نعمان مرزافریدی،عبدالرئیس غوری، حافظ کلیم اللہ، عادل خان یوسف زئی ایڈوکیٹ، سید مطاہر حسین، بیگم شبنم عباسی، طوبیٰ ارشاد ودیگر نے الحاج سعید ہاشمی کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت وبلندیءدرجات کی دعاکی ہے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمدنے معروف نعت خواں الحاج سعید ہاشمی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحاج سعید ہاشمی کا شمار پاکستان کے مقبول ترین نعت خوانوں میں ہوتا ہے وہ نصف صدی تک ثناءخوانی کرتے رہے، الحاج سعید ہاشمی نے اپنی دلکش آواز و انداز کے باعث عاشقان ِرسول میں مقبولیت حاصل کی، ان کی نعت خوانی کا انداز منفرد اور دلکش تھا،ان کی نعتیں مدینے کو جائیں ، اگر کوئی اپنا بھلا چاہتا ہے،سننے والوں میں بے انتہا مقبول ہیں، الحاج سعید ہاشمی کی نعتوں پر مشتمل 30 سے زائد نعت خوانی پر مشتمل والیم ریلیز ہوچکے ہیں جنہیں دنیا بھر میں پسند کیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ الحاج سعید ہاشمی کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔