صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے پر کام جاری

وزیر اعظم عمران خان نے صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے‘ایم ایل ون منصوبے سے ملک میں بین الاقوامی معیار کا جدید مواصلاتی ڈھانچہ تیار ہوگا ، ایم ایل ون منصوبہ سے ملک کا صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے‘ اداروں پر اپنی سیاست چمکانے کیلئے انگلیاں اٹھانے والے کسی طرح جمہوریت کے علمبردار نہیں ہو سکتے‘ریاست کے تمام ستون اپنے دائرہ کار میں رہ کر ملکی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جائزہ اجلاسوں سے خطاب اور مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹربابراعوان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پیرکو توانائی شعبے سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ تمام سیکٹرز کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے پر حکومت کی بھر پور توجہ مرکوز ہے،صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے پر کام جاری ہے۔دریں اثناءایم ایل ون منصوبے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھاکہ اس منصوبے سے پاکستانی بندر گاہوں کے زمینی رابطے مربوط ہونے سے پاکستان کی برآمدات بروقت عالمی منڈیوں میں پہنچ سکیں گی جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔سی پیک منصوبوں میں ایم ایل ون سب سے خطیر لاگت کا منصوبہ ہے جس سے پاک چین تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا۔ علاوہ ازیں عمران خان سے مشیرِ پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان نے پیر کو یہاں ملاقات کی جس میں آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اداروں کے مضبوط ہونے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداروں پر اپنی سیاست چمکانے کیلئے انگلیاں اٹھانے والے کسی طرح جمہوریت کے علمبردار نہیں ہو سکتے‘ریاست کے تمام ستون اپنے دائرہ کار میں رہ کر ملکی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں

https://jang.com.pk/news/864749?_ga=2.26827768.471347176.1609387431-1087507444.1609387431