امریکا میں حالات تشویش ناک، ٹرمپ کے حامی اسلحہ لے کر سڑکوں پر نکل آئے

مختلف امریکی ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے حامیوں کے درمیان تصادم، ریاست ایریزونا میں ٹرمپ کے حامیوں کے ہاتھ میں اسلحہ دیکھا گیا


امریکا میں حالات تشویش ناک، ٹرمپ کے حامی اسلحہ لے کر سڑکوں پر نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات کے سلسلے میں ہوئی ووٹنگ کے تیسرے روز بھی حتمی نتائج کا اعلان نہیں ہو سکا۔ اس صورتحال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ دھاندلی کر کے انہیں ہرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس صورتحال میں امریکا کی کئی ریاستوں میں مظاہرے اور جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق مختلف امریکی ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے حامیوں کے درمیان تصادم ہوا ہے۔ جبکہ ریاست ایریزونا میں ٹرمپ کے حامیوں کے ہاتھ میں اسلحہ بھی دیکھا گیا۔ اس صورتحال میں سیکورٹی فورسز حالات کو کنٹرول کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔
جبکہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بھی سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جوبائیڈن کی جماعت 24 سال بعد ریاست ایریزونا میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ جبکہ پنسلوینیا میں بھی جوبائیڈن کو برتری حاصل ہے۔ اس وقت جوبائیڈن 253 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے برتری لیے ہوئے ہیں۔ جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 213 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔ ریاست پنسلوینیا کے نتائج حاصل ہوتے ہی جوبائیڈن کو باقاعدہ فتح حاصل ہو جائے گی۔
پنسلوینیا میں فتح کی صورت میں جوبائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہو جائے گی، جبکہ صدر بننے کیلئے 270 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ انتخابی نتائج کے حوالے سے امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہم300الیکٹورل ووٹ جیت جائیں گے، امریکی تاریخ میں پہلی بار74ملین سے زائد ووٹ حاصل کیے۔ ہمیں عوام نے مینڈیٹ دیا ہے کیونکہ عوام اس ملک کو جوڑنا چاہتے ہیں، آپ کاووٹ گنا جائے گا،چاہے مخالفین کتنی بھی مزاحمت کریں، ہماری سیاست کا اولین مقصد عوامی مسائل کو حل کرنا ہے