ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ رہیں،خالدتواب

سابق صوبائی وزیرسندھ برائے تجارت وصنعت اور یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)سندھ ریجن کے چیئرمین خالد تواب نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے یہ بات ضروری ہے کہ خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ رہیں،یو بی جی نے ایف پی سی سی آئی میں تمام ہی کمیٹیوں میں خواتین تاجروں کی شمولیت کو یقینی بنایا ،ایبٹ آباد چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ملک کی معیشت بحالی میں اہم کردار ہے اورہزارہ کی انڈسٹری کو فروغ دینے کے لئے ہر ضلع کے لئے ا سمال انڈسٹریز کی منظوری اوراسمال انڈسٹری فیز ٹو کو اکنامک زون میں شامل کرنا اہم کارنامہ ہے جو ہزارہ کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایبٹ آبادچیمبرز آف کامرس کے صدر سید شفقت حسین شاہ اورنومنتخب کابینہ سے ملاقات کے موقع پر کیا اور اس موقع پر انہوں نے فیڈریشن کے سابق نائب صدر حنیف گوہر ،ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرا سمال انڈسٹریز خیبر پختون خوا حاجی افتخار خان کے ہمراہ نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔ خالد لطیف، سید شفقت حسین شاہ، رشید خان ، ماہ جبین خالد،کرنل (ر)صادق سلطان،لیاقت علی سلطان اور دیگر صنعتکار بھی موجود تھے،۔خالد تواب نے کہا کہ ہزارہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے،مستقبل میں سی پیک کے منصوبوں سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے ایبٹ آباد چیمبرز کو چین کے تعاون سے مواقع فراہم کرکے محرومیوں کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں گے اور ایبٹ آباد چیمبرز کو مرکزی سطح پر مسائل حل کرنے کے لئے ایگزیکٹو کونسل میں شامل کرینگے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آنے والے فیڈریشن چیمبر الیکشن میں بطور صدر کامیابی حاصل کرکے وہ خیبر پختونخوابالخصوص ایبٹ آباد کی انڈسٹری اور سیاحت کے فروغ کے لئے اعلی سطح کے اقدامات اٹھائیں گے۔ حنیف گوہر نے یقین دلایا کہ ہزارہ کی دھرتی کا حق چکانے کے لئے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور مرکز میں رہ کر علاقہ کی ترقی کے لئے بنا کسی سیاسی عزائم کے خدمت کا تسلسل جاری رہے گا،ایف پی سی سی آئی میں یو بی جی نے پاکستان بھر کے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کو بھرپور نمائندگیاں دینے کی کوششیں کی اوریونائٹیڈ بزنس گروپ آئندہ بھی ایف پی سی سی آئی الیکشن میں کامیاب ہوکرہزارہ سمیت ہر شہر کے چیمبرز کی آواز بنے گا ۔