ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کے خلاف درج 2 مقدمات میں بریت کی درخواستیں مسترد کردی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی کی عدالت نے کامران قریشی کیخلاف اسلحہ ایکٹ اور منشیات سے متعلق درج 2 مقدمات میں ملزم کی جانب سے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے دونوں مقدمات میں کامران قریشی کی بریت کی درخواستیں مسترد کردیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر گواہان کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزم کامران قریشی پر عائد کیے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور پراسیکیوشن کے پاس ان کیخلاف کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں۔ استدعا کی کہ ملزم کو مقدمات سے بری کیا جائے کیونکہ اس کیخلاف مقدمات بدنیتی پر مبنی ہیں۔پراسیکیوشن نے موقف دیا تھا کہ ملزم کامران قریشی کیخلاف منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے 2 مقدمات اے وی سی سی تھانے میں درج کیے گئے ہیں۔ پراسیکیوشن کے مطابق تفتیش کے دوران ملزم کیخلاف شواہد سامنے آئے ہیں، اس لیے بریت کی درخواست مسترد کی جائے۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments


























