
کراچی ( )ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد سے پروفیشنل باکسر، ورلڈ اور نیشنل چیمپئن آغا کلیم اور کک باکسنگ فائٹر رابعہ نور نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ان کے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات میں باکسنگ سمیت شہر میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور سرکاری سرپرستی کے عملی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سمت دیتے ہیں اور باصلاحیت کھلاڑی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، انہوں نے حالیہ مقابلے میں آغا کلیم کی شاندار کارکردگی اور اسرائیلی باکسر کو ناک آؤٹ کرنے پر دلی خوشی اور فخر کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات جاری ہیں،حکومت سندھ اور
کے ایم سی کھلاڑیوں کی مکمل سرپرستی اور حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے، انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں،پروفیشنل باکسر آغا کلیم نے اس موقع پر حکومت سندھ اور کے ایم سی کے تعاون


پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سرپرستی سے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تمام کامیابیاں شہر کراچی اور ملک پاکستان کے نام کرتے رہیں گے،ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے پروفیشنل باکسر، ورلڈ اور نیشنل چیمپئن آغا کلیم اور کک باکسنگ فائٹر رابعہ نور کو یادگاری شیلڈ دی اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



























