پاکستان میں پہلی خودکار گاڑی کی کامیاب ٹیسٹ ڈرائیو

این ای ڈی یونیورسٹی کے انجینئرز نے پاکستان کی پہلی ڈرائیور لیس گاڑی کی کامیاب ٹیسٹ ڈرائیو کا کارنامہ انجام دیا۔

پاکستان ٹیلنٹ کے حوالے سےایک زرخیز ملک ہے اور آئے دن یہاں کے نوجوان سائنس کے شعبے میں ایسے کارنامے انجام دیتے ہیں، جو دنیا بھر میں سراہے جاتے ہیں۔

کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی کے انجینئرز نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے پاکستان کی پہلی بغیر ڈرائیور کے چلنے والی کار کی ٹیسٹ ڈرائیو کا کامیاب تجربہ کیا۔

اس کامیاب ٹیسٹ ڈرائیو کے دوران گاڑی نے یونیورسٹی کیمپس کی سڑک پر ہموار انداز میں حرکت کی، جس نے وہاں موجود افراد کو حیران کر دیا۔

مذکورہ ڈرائیور لیس گاڑی پر کام ایک سال قبل این ای ڈی یونیورسٹی کے نیشنل سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس، شعبہ کمپیوٹر اینڈ انفارمیشن سائنسز میں شروع ہوا تھا۔

چین سے درآمد شدہ ایک برقی گاڑی کو روبوٹکس، میپنگ، سینسرز، کمپیوٹر وژن اور اے آئی کی مدد سے خودکار گاڑی میں تبدیل کیا گیا۔

فی الحال گاڑی کی اسپیڈ الگورتھم میں 15 سے 20 رکھی گئی ہے آٹونومس ڈرائیونگ میں ٹرننگ موڈ اور سامنے سے آنے والے کسی بھی ٹریفک کی judgment موجود ہے۔