یو اے ای کے مختلف حصوں میں 14 دسمبر کو ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے ریگستانی پہاڑوں کو آبشاروں میں بدل دیا ہے۔ جس نے ملحقہ وادیوں کو جل تھل کردیا۔
شدید بارشوں، آندھی اور بجلی کی چمک سے یو اے ای کا آسمان روشن ہوگیا، جو اس خطے کے عام دھوپ والے دنوں کے مقابلے میں ایک منفرد منظر پیش کررہا تھا۔
خلیج ٹائمزز کی رپورٹ کے مطابق نیشنل سینٹر آف میٹیورالوجی (این سی ایم) نے پہلے ہی خراب موسم کی پیش گوئی کردی تھی اورشہریوں کو خبردار کیا تھا کہ اس موسم کا اثر مختلف علاقوں میں دکھائی دے گا۔
”اسٹورم سینٹر“ نے جبل جیس پہاڑوں کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں واضح طور پر دکھایا گیا کہ کس طرح بارشوں کے نتیجے میں پہاڑوں سے پانی بہہ رہا ہے۔ ان آبشاروں نے راس الخیمہ کی وادیوں میں پانی کی بڑی مقدار جمع کر دی اور پہاڑوں کے خوبصورت مناظر کو مزید خوبصورت دیا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں ژالہ باری اور درجہ حرارت میں کمی شامل ہیں۔ نیشنل سینٹر آف میٹیورالوجی (این سی ایم) نے پیشگوئی کی ہے کہ 16 سے 19 دسمبر تک موسم میں شدت آسکتی ہے اور اس دوران مزید بارشیں اور سرد ہوائیں چل سکتی ہیں۔
نیشنل سینٹر آف میٹیورالوجی، ابو ظہبی پولیس اور دبئی پولیس نے شہریوں سے موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔



























