آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 “ کا شاندار افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کردیا

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 “ کا شاندار افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کردیا

امن کے حقیقی سفیر فنکار ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

اکیسویں صدی کا سب سے بڑا کربلا غزہ تھا، ورلڈ کلچر فیسٹیول کی پہلی تھیم ”امن“ کا قیام اور دوسری ”ماحولیات“ ہے،صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 “ کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کردیا،صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال کیا، فیسٹیول کے آغاز میں قومی ترانہ بجایا گیا جس میں احترام میں پورا ہال کھڑا ہوگیا، فیسٹیول میں 2024 کے ورلڈ کلچر فیسٹیول کی شو ریل پیش کی گئی۔افتتاحی تقریب میں قونصل جنرل آسٹریلیا، آئیوری کوسٹ کراچی، ترکیے، فرانس، یو اے ای، جاپان، سری لنکا، ریشیا، عراق کے علاو¿ہ ڈپٹی کمشنر بنگلہ دیش، چیئرمین HEC، ڈائریکٹر الائنس فرانسز دی کراچی ، صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، ناصر حسین شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ فیسٹیول میں پاکستان کے معروف مصور امین گل جی کی لائیو پرفارمنس نے آرٹس کونسل کا احاطے کو پرفارمنگ آرٹ کے خوبصورت رنگوں سے رنگ دیا جبکہ بلوچی رقص ”لیوا“ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا رہا، میوزک کے دیوانے مختلف دھنوں پر جھومتے نظر آئے، 30اکتوبر سے شروع ہونے والا فیسٹیول 7دسمبر تک آرٹس کونسل میں جاری رہے گا۔ ابتدائی کلمات میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کا شکریہ کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں سندھ حکومت کا ہمیشہ سب سے زیادہ تعاون رہا، پوری سندھ حکومت ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کام کررہی ہے، کمشنر کراچی نے تمام محکموں کو الرٹ کررکھا ہے، چیف سیکریٹری، سی سی پی او کراچی، مقصود میمن، جامعات کے وائس چانسلر کی خدمات بھی قابل تعریف ہیں، انہوں نے کہاکہ اس فیسٹیول کی پہلی تھیم ”امن“ کا قیام ہے، اکیسویں صدی کا سب سے بڑا کربلا غزہ تھا، ہمیں ایک بہتر اور مہذب دنیا کی ضرورت ہے، دنیا کے تمام فنکاروں نے اس نسل کشی کی بھرپور انداز میں مذمت کی، ورلڈ کلچر فیسٹیول کی دوسری تھیم ”ماحولیات“ ہے، دنیا میں ماحولیات کے نقصانات نے ہمارے ملک کو بھی متاثر کیا ہے، فیسٹیول میں ہم ماحولیات سے متعلق بھی فلم اسکریننگ کر رہے ہیں، اس فیسٹیول میں ساری دنیا کے نمائندے شامل ہیں، یہ سب ثقافت کے حسین امتزاج کو سلیبریٹ کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے افتتاحی تقریب میں کہاکہ اس پروقار تقریب کے انعقاد پر میں آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ و صوبائی وزراءسعید غنی، سید ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، سفیروں، قونصل جنرلز، معزز مہمانانِ گرامی ، بین الاقوامی اور پاکستانی فنکاروں، عہدیداران اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی گورننگ باڈی کا تہہ دل سے مشکور ہوں، خوشی ہے دوسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کا افتتاح کررہاہوں، یہ ایک انتہائی اہم فیسٹیول ہے جس کا مقصد امن اور محبت کے پیغام کو پوری دنیا میں پھیلانا ہے، آرٹس کونسل نہ صرف اس شہر بلکہ پوری قوم کا ثقافتی دل ہے، اس شاندار تقریب کا سہرا احمد شاہ اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، میں احمد شاہ کو ورلڈ کلچر فیسٹیول کی خوشی میں مبارکباد پیش کرتاہوں، ان کی انتھک محنت، لگن، فنکارانہ وژن اور مستقل کاوشوں نے اس فیسٹیول کو حقیقت کا روپ دیا، انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال 44 ممالک کے فنکاروں نے ورلڈ کلچر فیسٹیول میں حصہ لیا ،اس مرتبہ 141 ممالک اور 1000 سے زائد فنکاروں کا اس فیسٹیول کا حصہ بننا ایک بہت بڑی کامیابی ہے ، فیسٹیول سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوا، انہوں نے مزید کہاکہ کراچی پاکستان کا دل ہے اورآج یہ دنیا کو خوش آمدید کہہ رہاہے، یہ فیسٹیول نہ صرف آرٹ کی خوبصورتی بلکہ اس کی طاقت کوبھی ظاہر کرتا ہے، دنیا بھر سے رقاص، شاعر، مصور، موسیقار اور فلم ساز آج یہاں جمع ہیں جو ایک مشترکہ زبان یعنی انسانیت کی بولی بولتے ہیں ، سندھ میں ثقافت محض پالیسی نہیں بلکہ یہ ہماری میراث ہے، شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری آج بھی ہمارے مزاروں اور گلی کوچوں میں گونجتی ہے، صوفی ڈھول اور کافی ہمارے لوگوں کے دلوں میں دھڑکتے ہیں، ثقافت کو زندہ رکھنا اور اسے پروان چڑھانا ہماری ایک عظیم روایت ہے، پاکستان کے فنکاروں نے ہماری کہانی کو دنیا تک پہنچایا ، ہمارے آسکر اور گریمی جیتنے والوں کی شاندار فتوحات اس بات کی واضح عکاس ہیں، تھیٹر میں ہمارے فنکاروں نے نمایاں کام کیا جو ہمارے سماج کا مظہر ہیں، فنکاروں کے قلم اور آوازیں ہمارے امن کے حقیقی سفیر ہیں، میں وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کی گراں قدر کاوشوں کو سراہاتا ہوں، یہ فیسٹیول ثابت کرتا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم قوم بھی ہے، میں اس فیسٹیول میں شریک تمام بین الاقوامی معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے تقریب کا حصہ بن کر ہمیں عزت بخشی، آپ کی آمد نے ثابت کیا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ، کراچی کی خوبصورتی ہے کہ یہاں کوئی خود کو اجنبی محسوس نہیں کرتا ہے، میں آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے اس پروقار تقریب میں خوش آمدید کہتا ہوں، سندھ محبت کی دھرتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے گلدستہ پیش کیا۔ آخر میں مدن گوپال( نیپال) ، عمار اشقر(سیریا)، لوسی ٹاسکر(بیلجیم) ،شاہ جا فقیر، ارمان رحیم(پاکستان)، شیریں جواد(بنگلہ دیش)نے اپنی آواز کا جادو جگایا، جبکہ فرانسیسی گلوکار زکریا حفار نے سنتور بجاکر تقریب کو چار چاند لگا دیے، اکبر خمیسو خان نے بانسری بجائی جبکہ بیلے بیونڈ بارڈرز ، Chrome Louie، Kasper the saint،Ruby Jenn، (امریکا )، Corinne De Boek(اٹلی) ، Alina Ciceo + Radu Domsa (رومانیہ) اور کانگو کے اسٹریٹ ڈانسرز نے بہترین ڈانس پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے شائقین کے دل جیت لیے۔ فیسٹیول میں ماحولیات پر مختصر فلم ”پلاسٹک“ (ساﺅتھ کوریا) دکھائی گئی۔