وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کشمور کندھ کوٹ پل منصوبے کی پیش رفت پر اجلاس
نومبر سے جون تک تعمیرانی کام کو تیز کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ
تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ
اگلے ہفتے دوبارہ اجلاس ہوگا، آئندہ ماہ اچانک دورہ بھی کروں گا، وزیراعلیٰ کا اعلان
کراچی (31 اکتوبر): وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت گھوٹکی کندھکوٹ پل منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جو سندھ، پنجاب اور بلوچستان کو ملانے والے صوبے کے اہم ترین ترقیاتی منصوبوں میں سے ایک ہے۔
اجلاس میں سینئیر صوبائی وزیرِ شرجیل انعام میمن، وزیرِ اعلیٰ کے معاونِ خصوصی سید قاسم نوید قمر، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیرِ اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری ورکس نواز سوہو، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ وہ اب تک گھوٹکی کندھکوٹ پل منصوبے پر پانچ اجلاس کر چکے ہیں اور اس کی پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی طور پر تعمیراتی کام کے لیے موزوں وقت نومبر سے جون تک ہوتا ہے جب دریا کا پانی کم ہوتا ہے، اس لیے اس عرصے میں کام تیزی سے جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ میں چاہتا ہوں کہ نومبر سے جون کے درمیان تیز رفتار پیش رفت نظر آئے تاکہ نومبر دسمبر 2026 تک پل کسی حد تک مکمل ہو جائے۔
ورکس ڈپارٹمنٹ نے وزیرِ اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے لیے اعلیٰ معیار کے انجینئرز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں اور ٹھیکیدار نے کام کی رفتار بڑھانے کے لیے اپنی مکمل ٹیم سائٹ پر تعینات کر دی ہے۔ 12.15 کلومیٹر طویل پل کے لیے درکار 723 پائلز میں سے 379 مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ باقی 353 پائلز دسمبر تک مکمل کر لیے جائیں گے اور گرڈرز نصب کر دیے جائیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ کو بتایا گیا کہ تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں اور کام بتدریج آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے پولیس اور رینجرز کو ہدایت دی کہ وہ سائٹ پر مکمل سیکیورٹی یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب کوئی سیکیورٹی مسئلہ نہیں رہا، اب میں صرف زمین پر پیش رفت دیکھنا چاہتا ہوں۔
مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ وہ اگلے ہفتے دوبارہ منصوبے کا جائزہ لیں گے اور کام کی رفتار کا خود جائزہ لینے کےلیے آئندہ ماہ پل کی سائٹ کا اچانک دورہ کریں گے۔ انہوں نے گھوٹکی کندھکوٹ پل کو نہ صرف سندھ بلکہ پنجاب اور بلوچستان کی اقتصادی رابطہ کاری کے لیے بھی ایک انتہائی اہم منصوبہ قرار دیا اور ورکس اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ کوششیں تیز کریں اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔
عبدالرشید چنا
میڈیا کنسلٹنٹ، وزیراعلیٰ سندھ























