پاکستان ڈاؤن سنڈروم ایسوسی ایشن کی جانب سے کورنگی میں معذور افراد میں معاون آلات کی تقسیم
کراچی: پاکستان ڈاؤن سنڈروم ایسوسی ایشن (PDSA) کراچی نے محکمہ بااختیاری برائے افراد باہم معذوری (DEPD)، حکومتِ سندھ کے تعاون سے ضلع کورنگی میں معذور افراد کے لیے معاون آلات کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقسیم کیے گئے آلات میں وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکلز اور ٹرائی موٹر بائیکس شامل تھیں، جن کا مقصد معذور افراد کی نقل و حرکت، خودمختاری اور معیارِ زندگی میں بہتری لانا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طحٰہ احمد فاروقی، سیکریٹری DEPD، حکومتِ سندھ نے کہا کہ معاون آلات معذور افراد کی نقل و حرکت بہتر بنانے اور انہیں معاشرے میں شامل کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران DEPD نے سندھ بھر میں معذور افراد کی تنظیموں میں 400 ملین روپے تقسیم کیے تاکہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں تک مدد پہنچائی جا سکے۔ انہوں نے اس اقدام کی کامیابی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومتِ سندھ نے رواں مالی سال کے لیے اس رقم کو بڑھا کر 800 ملین روپے کر دیا ہے تاکہ مزید معذور افراد کو معاون آلات فراہم کیے جا سکیں۔
طحٰہ احمد فاروقی نے مزید کہا کہ ضلع کورنگی اب معذور افراد کے لیے ایک مثالی علاقہ بن چکا ہے جہاں انکلوژو سٹی، سی-آرٹس آٹزم کیئر سینٹر اور NOWPDP ہنری مرکز جیسے ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
مسعود احمد بھٹو، ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی نے PDSA اور DEPD کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام معذور افراد کی نقل و حرکت کے مسائل کے حل کی جانب ایک قابلِ تحسین قدم ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کا دفتر وہیل چیئر فرینڈلی بنایا جائے گا تاکہ شمولیتی ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔
نعیم احمد شیخ، چیئرمین کورنگی ٹاؤن نے بھی حکومتِ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے معذور افراد کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کورنگی ٹاؤن میں معذور افراد کے لیے ایک خصوصی پارک کے قیام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مکمل انتظامی تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ طحہ احمد فاروقی نے اس پارک میں بچوں کی ذہنی معذوری کے لیے ایک بحالی مرکز کے قیام کا اعلان کیا۔
تقریب کے آغاز میں عابد لاشاری، چیف ایگزیکٹو آفیسر PDSA نے حکومتِ سندھ کے محکمہ DEPD کا مخلصانہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑے پیمانے پر معاون آلات کی تقسیم حکومتِ سندھ کے تعاون کے بغیر ممکن نہ تھی۔ انہوں نے اس اقدام کو “حکومتِ سندھ کی خلوص نیتی اور معذور افراد کی فلاح و بہبود کے عزم کی زندہ مثال” قرار دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ PDSA معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، خاص طور پر ڈاؤن سنڈروم کے شکار بچوں کی بحالی اور معاون خدمات کے ذریعے، جو DEPD کے تعاون سے کراچی کے PDSA ذھنی معذور بچوں کے بحالی مراکز میں فراہم کی جا رہی ہیں۔
























