آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 “ کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کا انعقاد
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کل ورلڈ کلچر فیسٹیول کا افتتاح کریں گے، محمد احمد شاہ
ورلڈ کلچر فیسٹیول کے ذریعے ہم لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا کام کررہے ہیں ،ہماری تھیم امن قائم کرنا ہے، صدر آرٹس کونسل

کراچی ( ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 “ کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کا انعقادآڈیٹوریم I میں کیاگیا جس میں صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ اور کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے فیسٹیول سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کل شام 5بجے ورلڈ کلچر فیسٹیول کا افتتاح کریں گے، 6بجے ریڈ کارپٹ ہوگا جس میں پاکستان سمیت بین الاقوامی فنکار ورلڈ کلچر فیسٹیول کو چار چاند لگائیں گے، ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 میں 6 براعظموں سے 141 ممالک کی شرکت جبکہ 1000سے زائد فنکار پرفارم کریں گے، فیسٹیول کے پہلے روز امین گل جی فنی مہارت کاشاہکار پیش کریں گے، افتتاحی تقریب میں شاہ جا فقیر(پاکستان)، لکی ٹاسکر (بیلجیم) ، شیریں جواد (بنگلہ دیش)، ذاکاریا حراف (فرانس)، Ballet Beyond Bordersمیں مختلف ممالک کے فنکاروں کا رقص، اسٹریٹ ڈانسرز (کانگو) جبکہ نیپال کے مدن گوپال اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں بنگلہ دیش ، ارجنٹینا، سوئیڈن، کوسوو، نیپال ، سیریا اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے فنکاروں کو خوش آمدید کرتا ہوں، امریکہ ، یوکرین روس کے فنکار بھی فیسٹیول میں حصہ لے رہے ہیں، تمام صوبوں سے بھی فنکار شامل ہورہے ہیں تاکہ پاکستان کی ثقافتی ہم آہنگی کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس فیسٹیول کو پوری دنیا میں دکھانے پر میڈیا کا بہت شکر گزار ہوں ، انہوں نے مزید بتایا کہ فیسٹیول کی تیاریوں میں سندھ حکومت، چیف سیکریٹری اور کمشنر کراچی کی قیادت میں تمام متعلقہ انتظامی ادارے شامل ہیں تاکہ مہمانوں کو آرام دہ اور محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ فیسٹیول میں کلاسیکل، فوک، پاپ، جین زی میوزک اور ڈانس بھی رکھا گیا ہے، پوری دنیا سے ہمیں 3350 فلمیں موصول ہوئیں جن میں 300 سے زائد ایوارڈ یافتہ ہیں۔ روزانہ دو گھنٹے کی فلم اسکریننگ مفت ہوگی جس میں مفت رجسٹریشن کراکر عوام شرکت کرسکتے ہیں، 8بین الاقوامی آرٹ نمائشیں رکھی گئی ہیں جن میں 28ممالک کے مصور شریک ہوں گے۔عالمی سطح کے فنکاروں کے ساتھ ورکشاپس بھی مفت رکھی گئی ہیں ، انہوں نے مزید کہاکہ میں آرٹس کونسل کے چیئرمین اور کراچی کے کمشنر کا بہت شکر گزار ہوں۔اس شہر کی یونیورسٹیوں سے نوجوان روزانہ کی بنیاد پر فیسٹیول میں شامل ہورہے ہیں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، واٹر بورڈ ، وفاقی و صوبائی قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اپنا کام کررہے ہیں، سیکورٹی کے مسائل ہیں، میں چاہتا ہوں کمشنر کراچی چیف سیکریٹری سے بات کریں تاکہ پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہم یہاں لوگوں کو جوڑنے کے لیے کام کر رہے ہیں، ہماری تھیم امن قائم کرنا ہے، ہم اپنے بین الاقوامی فنکاروں کو سندھ سمیت لاہور اسلام آباد بھی بھجیں گے تاکہ یہ پاکستان کا مثبت امیج لے کر جائیں، اب آرٹس کونسل ایک بین الاقوامی ادارہ بن چکا ہے، حکومت اور اداروں کے کام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کررہا ہے، ہمیں بین الاقوامی ممالک کے سفارت خانوں سمیت مختلف ممالک کے ثقافتی اداروں کا تعاون حاصل ہے، احمد شاہ نے بتایا کہ 39دن تک ورلڈ کلچر فیسٹیول میں 141ممالک کے فنکار آرٹس کونسل میں پرفارم کرتے نظر آئیں گے، ہم نے آرٹس کونسل کو بحال کیا، آج ان کے بچے کامیابی کی اونچائیوں کو چھو رہے ہیں، پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں ہم کشمیر، لاہور، کوئٹہ اور سکھر گئے، ہمارے پاس اچھے پینٹرز ،گلوکار ، اداکار اور فلم ساز ہیں۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہاکہ ہم اس ایونٹ کی کافی وقت سے تیاری کر رہے ہیں، احمد شاہ کے ساتھ ہمارا قریبی رابطہ ہے، صوبائی حکومت سے ہمیں واضح ہدایات ہیںکہ ہمیں اس ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے،ہمیں کراچی شہر، صوبے اور ملک کی مثبت تصویر چہرہ پوری دنیا کو دکھانا ہے، ہم نے مختلف سطحوں پر کئی میٹنگز بھی کی ہیں۔ چیف سیکریٹری نے ایک کمیٹی بنائی ہے جس میں تمام ادارے شہر کے انتظام کے ذمہ دار ہیں، ہماری کوشش یہ ہے جو مہمان باہر سے آ رہے ہیں انہیں زیادہ سے زیادہ آرام دہ سہولیات فراہم کی جائیں، انہیں ایئرپورٹ سے ہی سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ان کا ایئرپورٹ پر بہت اچھا استقبال ہوا ہوگا، ہمارے پروٹوکول آفیسرز وہاں تعینات ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ وہ خوش ہو کر جائیں، انہوں نے بتایا کہ پولیس کی مدد سے ایک خاص سیکیورٹی پلان بنایا گیا ہے، جس میں ہمارے غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت،ایئرپورٹ سے لے کر ان کے ہوٹل تک اور وہاں سے آگے بھی سیکورٹی فراہم کررہے ہیں ، ہمارا اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے،فضائیہ، ایف آئی اے، انٹیلی جنس ادارے اور وفاقی محکمے بھی تعاون کر رہے ہیں، KMC اور متعلقہ ٹاو¿نز کو بھی خوبصورتی کے حوالے سے ہدایت دی گئی ہے۔شہر میں ڈینگی سے بچاﺅ کے لیے اسپرے کیا جارہا ہے، چیف سیکریٹری خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔صحت کا ڈیسک آرٹس کونسل میں قائم رہے گا،فائر بریگیڈ کا انتظام اور ایمبولینس کی سہولت بھی وہاں موجود ہوگی، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کا مستقل ڈیسک آرٹس کونسل میں ہوگا، سندھ حکومت کا لوگو بھی موجود ہے اور ہم فعال شراکت دار ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران کانگو کے فنکاروں نے رقص کے گُر بھی سکھائے۔6براعظموں میں سب سے بڑے براعظم ایشیاءسے 40 ممالک کے فنکار شریک ہوں گے جن میں نیپال، بھوٹان، جاپان، عراق، روس، ازبکستان، قازقستان، جنوبی کوریا، لاؤس، یو اے ای، آذربائیجان، اردن، منگولیا، ہانگ کانگ(چین)، لبنان، چین، سری لنکا، ترکیے، یمن، تھائی لینڈ، قطر، عمان، فلپائن، انڈونیشیا، سعودی عرب، بحرین، کمبوڈیا، بنگلہ دیش، ملائیشیا، افغانستان، ایران، فلسطین، سنگاپور، تاجکستان، مشرقی تیمور، کرغزستان، جارجیا، قبرص، میانمار اور شام کے فنکار شامل ہیں دوسرے بڑے براعظم افریقہ سے 38 ممالک سے ڈی آر سی کانگو، روانڈا، موزمبیق، جیبوتی، نائیجیریا، کینیا، ساﺅتھ افریقہ، گیمبیا، اسواتینی، کوموروس، ماریشس، لیسوتھو، یوگنڈا،زمبابوے، تنزانیہ، برونڈی، سوڈان، مڈغاسر، مالی، الجزائر، سینیگال، مصر، مراکش، تیونس، آئیوری کوسٹ، برکینا فاسو، چاڈ، بینن، انگولا، کیمرون، ٹوگو، زیمبیا، گبون، گھانا، ملاوی، ایتھوپیا، صومالیہ اور گنی کے فنکار آئیں گے، تیسرے بڑے براعظم شمالی امریکا سے 13 ممالک جن میں یو ایس اے، کینیڈا، بیلیز، کیوبا، میکسیکو، پانامہ، گوئٹے مالا، ہونڈوراس، بارباڈوس، کوسٹا ریکا، پیورٹو ریکو، جمیکا، ڈومینیکن ریپبلک جبکہ چوتھے براعظم جنوبی امریکا سے 11ممالک ارجنٹائن، برازیل، کولمبیا، مرچ، پیراگوئے، بولیویا، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو، یوراگوئے، وینزویلا، پیرو، ایکواڈور کے فنکار اپنے ملک کی ثقافت کے رنگ بکھیریں گے ، چھٹے براعظم یورپ سے 36 ممالک سے جرمنی، فرانس، سوئٹزرلینڈ، اسپین، بیلجیم، ناروے، پرتگال، یو کے، نیدرلینڈز، مالٹا، کوسوو، اٹلی، کروشیا، بیلاروس، یوکرین، ہنگری، ڈنمارک ، جمہوریہ چیک، آئرلینڈ، لتھوانیا، آسٹریا، یونان، البانیہ، سویڈن، فن لینڈ، بوسنیا، سربیا، مونٹی نیگرو، مالڈووا، ایسٹونیا، پولینڈ، لکسمبرگ، سولوینیا، شمالی مقدونیہ، آئس لینڈ، بلغاریہ اور اوشیانا سے 3 ممالک آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ اور سولومن جزائر کے فنکار شرکت کریں گے۔ورلڈ کلچر فیسٹیول 7دسمبر تک جاری رہے گا۔























