روس کے دارالحکومت ماسکو میں آسمان پر روشنی کے چمکتے پراسرار آگ کے گولے نے لوگوں کو حیران اور خوفزدہ کردیا، کئی علاقوں میں سینکڑوں افراد نے اس کا مشاہدہ کیا۔
گزشتہ شب ماسکو کا آسمان اچانک ایک پراسرار منظر سے جگمگا اٹھا، آسمان میں ایک چمکتا ہوا سبز آگ کا گولا برق رفتاری سے گزرا اور دیکھتے ہی دیکھتے غائب ہو گیا۔
سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر پوسٹ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سبز رنگ کا روشن گولا آسمان میں ایک طرف سے ابھر کر دوسری طرف غائب ہوگیا۔
مقامی میڈیا نے اس پراسرار منظر کی ویڈیوز جاری کی ہیں جن میں واضح طور پر ایک روشن سبز شعلہ دار گولا طویل روشنی کی لکیر چھوڑتے ہوئے آسمان پر دوڑتا ہوا نظر آرہا ہے۔
یہ منظر صرف ماسکو تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ آس پاس کے کئی شہروں کے رہائشیوں نے بھی اسی پراسرار روشنی کو آسمان میں دیکھا۔
کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ ممکنہ طور پر شہاب ثاقب کا ٹکڑا تھا، تاہم یہ تاحال واضح نہیں ہوسکا کہ یہ زمین کی فضا میں داخل ہونے سے قبل ہی جل اٹھا تھا یا اس کا کچھ حصہ زمین سے ٹکرانے میں کامیاب رہا۔
دوسری جانب کچھ روسی شہری اس سے بھی آگے بڑھ کر سوچنے لگے انہوں نے اسے اس سبز شعلے کو صدر ولادیمیر پوٹن کے بوریوسٹنک نیوکلیئر میزائل کے خفیہ تجربات سے جوڑ دیا۔
یہی نائن ایم 730 روس کا ایک جوہری توانائی سے چلنے والا کروز میزائل ہے، جس کا تجربہ گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا اور اسے مغرب میں ’اڑتا ہوا چرنوبل‘ بھی کہا جاتا ہے۔
بعد ازاں میں روسی ماہرینِ فلکیات نے وضاحت کی کہ یہ نہ تو کوئی میزائل تھا اور نہ ہی کوئی شہابِ ثاقب۔ بلکہ خلائی ملبے کا ایک حصہ تھا جو زمین کے ماحول میں داخل ہو کر جل گیا ہے۔























