سندھ ملازمتوں کو آن لائن کرنے والا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا وزیراعلیٰ سندھ نے انقلابی سندھ جاب پورٹل کا اجرا کردیا

سندھ ملازمتوں کو آن لائن کرنے والا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا

وزیراعلیٰ سندھ نے انقلابی سندھ جاب پورٹل کا اجرا کردیا

تمام محکمے اپنی ضروریات جاب پورٹل پر اپ لوڈ کریں گے

امیدوار آن لائن فارم بھریں گے، انٹرویو کال اور امتحان بھی ان لائن ہوگا

ایک امیدوار بار بار امتحان دے سکتا ہے، پہلی کوشش کا خرچہ حکومت سندھ بھرے گی

ابتدائی طور پر گریڈ 5 سے 15 تک کی ملازمتیں جاب پورٹل پر دستیاب ہوں گی

جاب پورٹل حکومت اور جاب تلاش کرنے والوں کے درمیان پل کا کردار ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (28 اکتوبر): وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ جاب پورٹل (ایس جے پی) کے اجراء کے موقع پر کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نعرے “بینظیر آئی ہے، روزگار لائی ہے” کے مطابق صوبائی حکومت نے بھرتی کے عمل کو مزید شفاف، قابلِ رسائی اور ٹیکنالوجی پر مبنی بنانے کے لیے ٹیسٹنگ کے اختیارات میں وسعت دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر کوئی امیدوار ناکام ہوجائے تو وہ متعدد بار دوبارہ امتحان دے سکتا ہے۔ پہلی کوشش کے اخراجات مکمل طور پر سندھ حکومت برداشت کرے گی۔ اب تک تقریباً 3 لاکھ 26 ہزار امیدوار امتحان پاس کر چکے ہیں جبکہ آئندہ ہر ماہ امتحانات منعقد کیے جائیں گے اور نتائج امتحان کے فوراً بعد دستیاب ہوں گے۔

مراد علی شاہ نے وضاحت کی کہ تمام دستاویزات بشمول میٹرک کے سرٹیفکیٹ، قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل، انڈیپنڈنٹ بورڈ کے پورٹل پر اپ لوڈ کی جائیں گی جس سے اہل امیدواروں کا جامع ڈیٹا بیس تیار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امتحان پاس کرنے کے بعد امیدوار سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ یہ پورٹل سندھ حکومت اور روزگار کے متلاشی نوجوانوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ ہم نے دونوں کو اس پلیٹ فارم کے ذریعے آپس میں جوڑ دیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر سرکاری محکمہ اپنی آسامیوں کی ضروریات پورٹل پر اپ لوڈ کرے گا، جو نئی آسامیوں کے اضافے کے ساتھ خود بخود اپ ڈیٹ ہوگا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ مثلاً اگر محکمہ تعلیم آج فیصلہ کرے کہ اسے سندھ بھر میں 100 جونیئر کلرک درکار ہیں تو محکمہ خزانہ فوری طور پر فنڈز کی دستیابی کا جائزہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اکثر نوکریوں کا اعلان مالی منظوری سے پہلے کیا جاتا تھا جس سے تاخیر ہوتی تھی لیکن اب پورا عمل آن لائن اور ہم آہنگ ہوگا۔ محکمہ خزانہ آسامیوں کی منظوری دے گا اور تمام تفصیلات پورٹل پر جاری ہوں گی۔

وزیرِاعلیٰ نے مزید بتایا کہ محکمہ اطلاعات اشتہارات جاری کرے گا اور جس روز اشتہار اخبارات میں شائع ہوگا، اسی روز وہ جاب پورٹل پر بھی دستیاب ہوگا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مربوط نظام سندھ کے نوجوانوں کے لیے بھرتی کے عمل کو تیز، منصفانہ اور شفاف بنائے گا۔

حکومتِ سندھ کا’’سندھ جاب پورٹل‘‘ (ایس جے پی) ایک جدید، مکمل طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو صوبے کے تمام محکموں میں شفاف، مؤثر اور میرٹ پر مبنی بھرتی کو یقینی بنائے گا۔ یہ منصوبہ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے اور ای گورننس و عوامی ڈیجیٹل سروس کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ابتدائی طور پر گریڈ 5 سے 15 تک کے لیے تشکیل دیا گیا یہ پورٹل اب تمام گریڈز کا احاطہ کرتا ہے اور امیدواروں و سرکاری محکموں دونوں کے لیے ایک جامع نظام کے طور پر کام کر رہا ہے۔ یہ پورٹل اسکریننگ ٹیسٹ انیشی ایٹو سے منسلک ہے جو سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے ساتھ مشترکہ منصوبہ ہے تاکہ بی پی ایس 5 سے 15 تک بھرتی کے امتحانات کو شفاف بنایا جا سکے۔

میٹرک، انٹرمیڈیٹ اور گریجویشن سطح کے یہ امتحانات لاکھوں امیدواروں کو اپنی طرف متوجہ کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر 2023 اور 2025 میں 3 لاکھ 26 ہزار 368 امیدوار امتحانات پاس کر چکے ہیں اور اب وہ براہِ راست پورٹل کے ذریعے سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں۔ اس اقدام نے شفافیت کو یقینی بنایا ہے اور بار بار امتحان دینے کی ضرورت ختم کرکے امیدواروں کا وقت اور خرچ بچایا ہے۔

خودکار نظام کی بدولت سندھ جاب پورٹل پر بھرتی کا عمل 12 ماہ سے کم ہو کر صرف ایک ماہ رہ گیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم ملازمت کے اشتہار سے لے کر درخواست، انٹرویو شیڈولنگ، آفر لیٹر، میڈیکل و پولیس تصدیق اور تقرری تک مکمل ڈیجیٹل پراسیسنگ فراہم کرتا ہے۔

اہم خصوصیات میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی جاب میچنگ، اردو اور انگریزی میں آواز کے ذریعے تلاش اور اردو، سندھی اور انگریزی میں کثیر لسانی سہولت شامل ہے۔ یہ نظام دوہری ملازمتوں کی روک تھام بھی کرتا ہے۔ اس کا انضمام محکمہ صحت اور سندھ پولیس کے اسپیشل برانچ کے ساتھ کیا گیا ہے تاکہ میڈیکل اور کردار کی آن لائن تصدیق کی جا سکے جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس، ای میل اور پورٹل پر نوٹیفکیشن کے ذریعے اپ ڈیٹ فراہم کیے جائیں گے۔

اندراج کا عمل سادہ اور محفوظ ہے۔ امیدوار اپنے قومی شناختی کارڈ اور موبائل نمبر کے ذریعے رجسٹریشن کر سکتے ہیں، ایک وقتی پاس ورڈ سے تصدیق مکمل کرنے کے بعد وہ اپنا ڈیٹا ایس ٹی ایس پورٹل سے حاصل کر سکیں گے۔ محکمے اپنی ملازمتوں کی فہرستیں تیار اور منظور کر سکتے ہیں، امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ، انٹرویوز اور تقرری کے خطوط کا اجراء مکمل طور پر آن لائن انجام دے سکتے ہیں۔

سندھ جاب پورٹل کے قیام سے سندھ پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے مکمل ڈیجیٹل، شفاف اور مربوط بھرتی کا نظام متعارف کرایا ہے جو اچھی طرز حکمرانی، کارکردگی اور شفافیت کے لیے حکومت کے عزم کی تجدید ہے۔

وزیرِاعلیٰ کے معاونِ خصوصی علی راشد نے پورٹل کے تکنیکی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ نظام امیدواروں کے لیے وقت اور لاگت دونوں کے لحاظ سے مؤثر ہے۔

چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے اسے صوبے میں میرٹ پر مبنی روزگار کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا چیلنج تھا جسے حکومت نے اس پورٹل کے ذریعے حل کیا ہے۔

سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کہا کہ سندھ جاب پورٹل پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے اسے امیدواروں اور حکومت دونوں کے لیے میرٹ پر مبنی انتخاب کا بہترین نظام قرار دیا۔

یہ تقریب وزیرِاعلیٰ ہاؤس کے بینکوئٹ ہال میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونینِ خصوصی، ارکانِ صوبائی و قومی اسمبلی، صوبائی سیکریٹریز اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

عبدالرشید چنا
میڈیا کنسلٹنٹ، وزیراعلیٰ سندھ