حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا

حکومتِ پاکستان نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کے مطابق پندرہ روزہ جائزے کے بعد پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 79 پیسے کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 279 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی ہے۔ یہ قیمتیں یکم دسمبر سے 15 دسمبر تک نافذالعمل رہیں گی۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کا امکان بھی سامنے آیا ہے، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی لیوی عائد کرکے 200 ارب روپے وصول کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر بالترتیب 7 اور 8 روپے اضافی لیوی لگانے کی تجویز زیر غور ہے۔

سینیٹ کے اجلاس میں وقفۂ سوالات کے دوران وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے انکشاف کیا کہ 16 اپریل 2025 سے 30 ستمبر 2025 کے دوران اضافی لیوی کے ذریعے 66.13 ارب روپے جمع کیے گئے۔
وزیر کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کی وصولی وفاقی مشترکہ فنڈ میں کی جاتی ہے، جبکہ اس فنڈ کے اخراجات اور تقسیم کا اختیار پٹرولیم ڈویژن کے پاس نہیں ہوتا۔