وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو سہولت ملے گی ،دنیا میں ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا شاہین چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو سہولت ملے گی ،دنیا میں ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا شاہین چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔24اکتوبر -:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو سہولت ملے گی اور شاہراہوں پر ٹریفک رواں ہوگی بلکہ دنیا میں ملک کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں شاہین چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء ، ارکان اسمبلی اور اسلام آباد کے عمائدین اور وزارت داخلہ و سی ڈی اے سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور انڈر پاس کی تعمیر سے وفاقی دارالحکومت میں اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا، ٹریفک جام ختم ہوگا اور گاڑیاں رواں دواں ہوں گی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل پر وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ، برق رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل سے آئندہ شنگھائی تعاون تنظیم کے آئندہ اجلاس جو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، کے ذریعے اسلام آباد اور ملک کا ایک اچھا اور مثبت تشخص اجاگر ہوگا اور بہترین انتظامات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے بہترین مفاد میں تمام منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا ۔ وزیر اعظم کو اس موقع پر منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ انہوں نے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارگلہ روڈ پر ٹریفک کا دباؤ تھا جس پر اس انڈر پاس سے قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ الیونتھ ایونیو پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے، جلد مزید بڑے منصوبوں کا بھی آغاز ہوگا، کشمیر چوک انڈر پاس بھی تعمیر کیا جائے گا۔ ایس سی او کانفرنس کو مدنظر رکھ کر شہر کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے اور عالمی معیار کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، ایک سال میں اسلام آباد کو جدید اور خوبصورت ترین شہر میں بدل دیں گے۔