واشنگٹن، ڈی سی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے گاڑی کی نمبر پلیٹ پر لکھے اعداد کو اپنی قسمت کی نشانی سمجھا اور انہی نمبروں نے اسے 50 ہزار ڈالر کا خوش قسمت جیتنے والا بنا دیا۔
جان مرفی (John Murphy) نامی شخص نے بتایا کہ وہ ’’برینٹ ووڈ کے اے جے لِکرز اسٹور‘‘ سے لاٹری ٹکٹ خریدنے جا رہے تھے جب ان کی نظر ایک گاڑی کی لائسنس پلیٹ پر پڑی جس پر ’’43871‘‘ درج تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہی نمبروں کے پہلے تین ہندسے ’’438‘‘ ان کے موبائل نمبر کے آغاز سے ملتے تھے۔ مرفی نے اسے ایک “اشارہ” سمجھ کر انہی نمبروں کو پک 5 (Pick 5) ڈرا کے لیے منتخب کر لیا۔
نتیجہ حیران کن نکلا وہ 17 اکتوبر کے دوپہر کے ڈرا میں50,000 ڈالر کے انعام کے حق دار ٹھہرے۔
جان مرفی کے مطابق:
“یقین نہیں آرہا تھا،میں بالکل حیران رہ گیا، یہ میرے ڈرا کا آخری دن تھا۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ عام طور پر میری لینڈ لاٹری نہیں کھیلتے، لیکن ان کی بھابھی نے انہیں قائل کیا کہ وہ ایک بار قسمت آزمائیں۔
“میری بھابھی نے کہا کہ تم ہمیشہ ڈی سی میں کھیلتے ہو، اس بار میری لینڈ میں بھی کوشش کرو اور وہ ٹھیک نکلی!”
جان مرفی نے بتایا کہ وہ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کر پائے کہ انعامی رقم کہاں خرچ کریں گے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ زینا (Zina) سفر کے شوقین ہیں، اس لیے امکان ہے کہ یہ رقم کسی سفر یا سیاحت پر خرچ کی جائے گی۔























