لاہور میں دھاتی ڈور کا قہر، موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق

لاہور میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دھاتی ڈور کے گلے پر پھرنے سے 21 سالہ موٹرسائیکل سوار زندگی کی بازی ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ تھانہ نواں کوٹ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نعمان یوسف نامی نوجوان ڈیوٹی کے بعد موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ اچانک گلے میں دھاتی ڈور پھنس گئی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

نعمان کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے غم و غصے کا اظہار کیا۔ بتایا گیا ہے کہ متوفی میڈیکل ریپ کے طور پر کام کرتا تھا۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو پتنگ بازی میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 5 ہزار 967 افراد کو گرفتار اور 5 ہزار 784 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ اس دوران 5 لاکھ 29 ہزار 814 پتنگیں اور 21 ہزار 301 ڈوریں برآمد ہوئیں، جب کہ لاہور میں 1 ہزار 654 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے، قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، اور دھاتی ڈور یا پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس جان لیوا کھیل سے دور رکھیں اور شہریوں سے کہا کہ اگر کہیں پتنگ بازی ہوتی دیکھیں تو 15 پر اطلاع دے کر اپنی ذمہ داری نبھائیں۔