
سعودی عرب (رپورٹ سعدیہ خان )کے شہر الخبر منطقہ شرقیہ میں اڈیپٹ کلب سعودی عرب کی بانی سیدہ نمیرہ محسن شیرازی کی جانب سے یوم دفاع پاکستان اور یوم الوطنی سعودی عرب کی شاندار تقریب کا انعقادکیا گیا۔ پاکستان انٹرنیشنل سکول الخبر کے پرنسپل محترم جناب اجمل جمیل صاحب اور محترمہ سینیٹر نگہت مرزا مہمان خصوصی تھے۔رنگارنگ اور علاقائی ملبوسات و زیورات ،لذیذ کھانوں، دستکاری و کھلونوں سے مزین سعودی و پاکستانی تہذیب کی عکاسی کرتی نمائش بھی اس پروگرام کا حصہ تھی۔ تقریب کی میزبانی وائس چئروومن ایڈیپٹ ذنیرہ ذوالنون نے بہترین انداز میں کی۔محترمہ شاہین جاوید کو بہترین صحافی کی اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔


تقریب کا آغاز باسل حماد کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔زینب نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ دونوں ممالک کے ترانے حاضرین محفل نے مل کر گائے۔ سیدہ نمیرہ محسن نے تقریب کا آغاز کرتے ہوئے اڈیپٹ وومن کلب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نئی نسلوں کو پاکستان کی تحریک ، قیام اور مستقبل کے روشن امکانات کے بارے میں تعلیم دینا ہمارا فرض ہے۔ فاطمہ بخاری نے کلب کےمشن اور ویژن بیان کئے۔ ذیشان احسان نے مختلف ترانے گائے اور احمر اسلم نے گٹار پر قومی ترانے کی دھن بجا کر سامعین کے دل موہ لئے۔ بچوں اور والدین نے دل کھول کر تقریب میں حصہ لیا۔ کلب کی جانب سے تحریک پاکستان کی قائد خواتین کے بارے میں ایک فلم کے ذریعےسےپاکستان کے قیام کی تاریخ اور جدوجہد کو نشر کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں اور بچوں نے تقریری مقابلے بھی کئے۔ ربیع الاول کی مناسبت سے مقابلہء نعت خوانی بھی کروایا گیا۔
اس موقع پر مردوخواتین کی بڑی تعداد نے افواج پاکستان اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا ۔پروگرام کے آخر میں تقریب کی مناسبت سے مہمانان خصوصی اور تمام ٹیم کے ساتھ کیک کاٹا گیا ۔ پروگرام کے اختتام میں اعزازی شیلڈز، تمغے اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ احمد سرور، ذیشان احسان اور افشاں ملہان نے تقریب کی نظامت کو احسن طریقے سے نبھایا۔اس تقریب کا انعقاد ریڈ پاکستان، ربانی فوڈ، نیکسیل، کڈز کیو، مرحبا گولڈن ریستوران، شیریں محل، لبرٹی مارکیٹ، قلمکار کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔























