آذربائیجان کے صدر اور وزیراعظم پاکستان کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون پر گفتگو


نیوز ڈیسک
September 01, 2025
تیانجن: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہان مملکت کی کونسل اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔

وزیراعظم نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر صدر علییوف کو مبارکباد پیش کی، جسے جنوبی قفقاز میں دیرپا امن اور استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مواصلات، دفاع، تعلیم اور عوامی سطح پر رابطوں سمیت دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا اور تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر علاقائی ترقی اور انضمام کے لیے روابط بڑھانے اور کثیر جہتی تعاون، خصوصاً SCO کے فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور بین الاقوامی فورمز پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

صدر الہام علییوف نے پاکستان میں سیلاب کے باعث انسانی جانوں اور مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں آذربائیجان پاکستان کے ساتھ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر علییوف کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

اس پوسٹ کو شیئر کریں