بھارت میں ایک نوجوان کو سانپ کی مبینہ سالگرہ منانے اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی وجہ سے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے اسے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت حراست میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حراست میں لیا گیا نوجوان راج صاحب راؤ واگھ ہے، جو دھولے ضلع کے شیرپور تعلقہ کے بوریڈی گاؤں کا رہائشی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 29 جولائی کو ناگ پنچمی کے موقع پر نوجوان نے گاؤں کے قریب ایک بھارتی کوبرا سانپ پکڑا، اسے گھر لے آیا اور کیک کاٹ کر سانپ کی “سالگرہ” منائی۔ اس تقریب کی ویڈیو بنا کر نوجوان نے انسٹاگرام پر شیئر کر دی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
محکمہ جنگلات نے فوراً نوٹس لیتے ہوئے فاریسٹ گارڈ کرن گروالے کی قیادت میں ایک ٹیم بھیجی، جس نے نوجوان کے گھر چھاپہ مار کر اسے حراست میں لے لیا۔ اہلکاروں نے اس کے گھر سے دو پلاسٹک کے باکس اور ایک موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا، جن کا استعمال وہ سانپ پکڑ کر ویڈیو ریکارڈ کرنے کے لیے کرتا تھا۔
نوجوان کے خلاف وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ، 1972 کی دفعہ 9 اور 51(1) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران واگھ نے بتایا کہ وہ سانپ کو سالگرہ منانے کے بعد واپس جنگل میں چھوڑ چکا تھا۔
ملزم کو گرفتار کرکے شیرپور کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے دو دن کے لیے انڈین فاریسٹ سروس کی تحویل میں بھیج دیا۔


























