سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے انتظامی امور کی ذمہ دار جنرل اتھارٹی نے عمرہ ادا کرنے والوں اور نمازیوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران سلامتی سے متعلق رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق، ان ہدایات میں ہجوم سے دور رہنا، محفوظ مقامات پر قیام، چھتری کا استعمال، موسم سے متعلق اطلاعات پر نظر رکھنا، اور حکومتی احکامات کی پابندی شامل ہے۔ بجلی گرنے کی صورت میں موبائل فون بند رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی معلومات یا شکایت کے لیے زائرین 1966 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
بارش کے دوران حرم شریف میں مختلف سرکاری اداروں کے اشتراک سے ہنگامی منصوبے نافذ کیے جاتے ہیں تاکہ عبادات کے دوران زائرین کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ ان حفاظتی اقدامات کا مقصد بارش جیسے قدرتی حالات میں بھی عبادت گزاروں کی سہولت کو مقدم رکھنا ہے۔
عمرہ کے لیے مفت اسٹاپ اوور ویزا کی سہولت
دوسری جانب، خلیجی ممالک (GCC) کے رہائشیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ اب سعودی عرب میں مختصر قیام کے دوران عمرہ کی ادائیگی کا موقع حاصل کر سکتے ہیں، وہ بھی مفت اسٹاپ اوور ویزا کے ذریعے۔
یہ سہولت اُن مسافروں کے لیے دستیاب ہے جو بین الاقوامی سفر کے دوران سعودیہ ایئرلائنز یا فلائناس سے سفر کرتے ہیں۔ اسٹاپ اوور ویزا کی بدولت مسافر سعودی عرب میں 96 گھنٹوں (چار دن) تک قیام کر سکتے ہیں اور اس دوران مکہ یا مدینہ میں عمرہ یا زیارت کی ادائیگی ممکن ہے۔
اگرچہ ویزا بلامعاوضہ ہے، تاہم اس کی پروسیسنگ اور لازمی میڈیکل انشورنس کے لیے معمولی فیس لی جاتی ہے۔
یہ اقدام نہ صرف دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے سہولت کا باعث ہے بلکہ مملکت کی مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے وژن کا بھی حصہ ہے، تاکہ زائرین کو عبادت اور بین الاقوامی سفر کا امتزاج ایک بہتر انداز میں فراہم کیا جا سکے۔























