نیویارک: ایم آر آئی مشین کے قریب جانے والا شخص جان کی بازی ہار گیا

امریکا کی ریاست نیویارک کے ایک اسپتال میں ایک افسوسناک اور چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 61 سالہ شہری طاقتور مقناطیسی مشین کی کشش کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

واقعہ لانگ آئی لینڈ کے علاقے ویسٹبری میں واقع ایک طبی مرکز “نساؤ اوپن ایم آر آئی” میں بدھ کی دوپہر پیش آیا۔ پولیس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق متوفی شخص ایک بھاری دھاتی چین پہنے ہوئے بغیر اجازت ایم آر آئی روم میں داخل ہوا، جہاں مشین پہلے سے فعال حالت میں موجود تھی۔

جیسے ہی وہ مشین کے قریب پہنچا، زبردست مقناطیسی کشش نے اسے اپنی طرف کھینچ لیا۔ اچانک پیش آنے والے اس واقعے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اگلے روز انتقال کر گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے۔

واضح رہے کہ ایم آر آئی (میگنیٹک ریزوننس امیجنگ) مشین انتہائی طاقتور میگنیٹک فیلڈ پیدا کرتی ہے، جو جسم کے اندرونی اعضا کی تصویریں بنانے میں مدد دیتی ہے۔ ایسے آلات کے قریب کسی بھی دھاتی چیز کا موجود ہونا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

اسی تناظر میں امریکی ادارہ “فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA)” نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایم آر آئی مشین کے استعمال سے قبل تمام دھاتی اشیاء کو اتارنا لازمی ہے، کیونکہ ان کی موجودگی جان لیوا خطرے کا سبب بن سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ایم آر آئی سے پہلے مریضوں کو خصوصی لباس پہننے کی ہدایت کی جاتی ہے اور ان سے یہ تصدیق لی جاتی ہے کہ کہیں ان کے جسم پر یا اندر کوئی دھاتی چیز موجود تو نہیں۔ اس واقعے نے اسپتالوں میں حفاظتی اقدامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔