جاپان میں گالف کورس پر ریچھ کی موجودگی، میچ ملتوی کردیا گیا

جاپان میں ایک گالف ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ اس وقت ملتوی کر دیا گیا جب کورس پر ایک ریچھ نمودار ہو گیا، جو کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ایسا دوسرا واقعہ تھا۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق، سینڈائی کلاسک گالف کلب کے فرسٹ ٹی کے قریب ایک ریچھ کی موجودگی کے باعث مقابلہ منسوخ کرنا پڑا۔

منتظمین نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا کہ بدھ کے دن گالف کورس پر ریچھ دیکھنے کی اطلاع موصول ہوئی، اور شرکاء، کھلاڑیوں اور عملے کی حفاظت کے پیش نظر پرو-ایم ٹورنامنٹ کو منسوخ کر دیا گیا۔

بعد ازاں، منتظمین نے اعلان کیا کہ میجی یاسودا لیڈیز ٹورنامنٹ جمعہ کو شیڈول کے مطابق شروع ہو گا، مگر تماشائیوں کے بغیر منعقد کیا جائے گا۔

اس سے قبل مئی میں، کوماتسو، اشیکاوا پریفیکچر کے گالف کلب ٹوئن فیلڈز میں بھی ریچھ کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر خواتین کے اسٹیپ اپ ٹور کے ٹوئن فیلڈ لیڈیز ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔