امریکی خاتون نے 4060 جگسا پزل جمع کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

امریکا سے تعلق رکھنے والی لیزا فائرمین نامی خاتون نے 4 ہزار 60 منفرد جگسا پزلز اکٹھے کر کے گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

46
سالہ لیزا کا تعلق ریاست واشنگٹن کے شہر بیلویو سے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2019 میں پزلز جمع کرنے کا شوق اپنایا اور تب سے وہ ہزاروں مختلف ڈیزائنز اپنے کلیکشن میں شامل کر چکی ہیں۔ ان کی زیادہ تر کلیکشن معروف کمپنی “ریونسبرگر” کی تیار کردہ ہے، جو ان کی پسندیدہ بھی ہے۔

اس سے پہلے یہ اعزاز امریکا ہی کے جان والکزک کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں 2022 پزلز جمع کر کے ریکارڈ بنایا تھا۔

لیزا کے پاس مشہور فلموں، ٹی وی شوز اور کرداروں پر مبنی پزلز بھی موجود ہیں جن میں ڈزنی، فرینڈز، جیمز بانڈ، ہیلو کٹی اور فلم وکڈ شامل ہیں۔

لیزا نے کہا کہ اگر وہ صرف ایک سال میں بنائے گئے پزلز کو فرش پر بچھا دیں، تو ان کا پورا گھر ان پزلز سے باآسانی ڈھک جائے۔