بھارتی ریاست آسام میں ایک شخص نے بیوی سے طلاق ہونے پر خوشی کا انوکھا انداز اپنایا اور 40 لیٹر دودھ بہا کر اپنی ’آزادی‘ کا جشن منایا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ عجیب واقعہ ضلع نالبری کے علاقے بارالیپار گاؤں میں پیش آیا، جہاں مانک نامی شخص نے بیوی سے طلاق کے بعد دودھ سے غسل کر کے آزادی کا اعلان کیا۔
مانک کا کہنا تھا کہ اس کی بیوی دو مرتبہ اپنے عاشق کے ساتھ گھر چھوڑ کر بھاگ گئی تھی لیکن اس نے بیٹی کی خاطر دونوں بار معاف کر دیا۔ تاہم حال ہی میں وہ تیسری بار بھی کسی دوسرے شخص کے ساتھ چلی گئی، جس پر اس نے طلاق لینے کا فیصلہ کر لیا۔
مانک نے بتایا کہ جب طلاق کا قانونی عمل مکمل ہوا تو اس نے کیمرے کے سامنے 40 لیٹر دودھ اپنے اوپر ڈال کر خوشی کا اظہار کیا تاکہ یہ لمحہ ہمیشہ یاد رہے۔
اس کا کہنا تھا کہ اس نے بیٹی کی خاطر اس رشتے کو نبھانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن بیوی بار بار بے وفائی کرتی رہی اور گھر چھوڑ کر چلی جاتی رہی۔
مانک نے مزید کہا کہ طلاق کے بعد مجھے محسوس ہو رہا ہے جیسے میں دوبارہ پیدا ہوا ہوں، اسی لیے میں نے دودھ سے نہا کر خود کو پاک کیا تاکہ زندگی کو نئے سرے سے شروع کر سکوں۔


























