بلوچستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی جاری لہر میں کچھ کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب کے بعض مقامات پر ہلکی دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

شمال مغربی بلوچستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسکردو اور استور میں منفی11 جبکہ گلگت، ہنزہ میں پارہ منفی 06 رہا۔

اس کے علاوہ کالام، قلات، کوئٹہ میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد، مری صفر پر رہے جبکہ موہنجو ڈاڑو1، پشاور، مظفر آباد2، سرگودھا، ڈیرا غازی خان، فیصل آباد4، سکھر، ڈیرا اسماعیل خان5، ملتان، نوابشاہ6، لاہور، ساہیوال7 اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
====================================

یونان میں کشتی حادثہ، محسن نقوی کا پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس

یونان میں کشتی حادثہ، محسن نقوی کا پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے کے واقعہ میں پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

محسن نقوی نے غیرقانونی طور پر یورپ جانے والے پاکستانیوں کی کشتی حادثے میں اموات کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی۔

یونان کے ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 5 افراد ہلاک

کمیٹی واقعےکی تحقیقات کرکے 5 روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو ارسال کرے گی۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہےکہ انسانی اسمگلنگ جرم ہے، مافیا کئی گھر اجاڑ چکا ہے، انسانی اسمگلنگ مافیا کےخلاف ایف آئی اے ملک گیر کارروائیاں کرے۔

واضح رہے کہ یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق بحیرہ روم میں جنوبی جزیرے گیوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے میں 39 تارکین وطن کو بچا لیا گیا جبکہ حادثے میں 40 افراد لاپتہ ہوگئے۔