کراچی
مور خہ12 دسمبر 2024
کراچی 12 دسمبر ۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور حکومت سندھ ہمیشہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، سندھ حکومت نے پی پی پی موڈ پر کام کر رہی ہے، ہم سرمایہ کاروں کو بھی پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت ہر قسم کی سہولت دینے کے لئے تیار ہیں۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں سندھ سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چینی سرمایہ کار کراچی میں میڈیکل سٹی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ، صدر آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کی جانب سے چینی سرمایہ کاروں کو مدد دینے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سب سے موزوں خطہ ہے ، ہم دو سو سال تک تھر کے کوئلے سے سستی بجلی پیدا کر سکتے ہیں ، گرین انرجی کے حوالے سے یہاں بہت سی کمپنیاں کام کر رہی ہیں ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ سے بھی کسانوں کو بہت فائدہ ہوگا ، کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محدود پانی سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چائنیز ٹیکنالوجی اور ہمارے ملک میں موجود مواقع مل کر ترقی کے مزید مواقع پیدا کریں گے ، سندھ حکومت چائنیز سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرے گی ، میں چاہتا ہوں کہ ایسے مواقع ملتے رہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے توانائی اور منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر حسین شاہ نے چینی سرمایہ کاروں اور تقریب میں شامل ترکیہ کے قونصل جنرل کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس کروانے پر محکمہ سرمایہ کاری کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، ہم حکومت سندھ کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں توانائی، صنعت، زراعت، ٹرانسپورٹ سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، حکومت سندھ نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا سے آنے والے سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتی ہے اور تمام سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون اور سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتی ہے۔ کانفرنس کے آغاز پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ و پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ سید قاسم نوید قمر نے سرمایہ کاری کانفرنس میں شریک سرمایہ کاروں اور دیگر معزیز مہمانوں کو خیر مقدم کیا اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔
ہینڈآؤٹ نمبر 923۔۔۔