فطرت سے دوستی کا عملی مظاہر ہ


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر نگرانی صوبے بھر میں جاری گرین پاکستان اور صاف ستھرا پنجاب مہم کے تحت پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی قیادت میں ممتاز 30میڈیکل ٹیچرز نے لاہور جنرل ہسپتال میں اپنے نام کے پودے لگاکر ہسپتال کے ماحول کوتر و تازہ بنا کر فطرت سے دوستی کا عملی مظاہر ہ کیا ہے۔ سابق نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد معین،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج سید اصغر نقی، پرنسپل سمز پروفیسر زہرہ خانم،پروفیسر کرنل (ر) نازلی حمید و دیگر شامل ہیں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی” پلانٹ فار پاکستان “مہم کے تحت پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل کالج اور ایل جی ایچ کے احاطہ میں ہر طرف سایہ دار، پھولدار اور پھلدار پودے مزید لگائے جائیں گے تاکہ علاج معالجے اور میڈیکل کی تعلیم کیلئے آنے والے افراد کو خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ پودے لگانا اور اُن کی حفاظت کرنا اسلامی نقطہ نظر سے بھی صدقہ جاریہ ہے جس کا باقاعدہ اجر اور فائدہ آنے والی نسلوں کو بھی ہوتا ہے لہذا ہمیں ذمہ دار قوم اور شہری ہونے کے ناطے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اور اس کارخیر میں اپنا حصہ ضرور ڈالنا چاہیے۔ پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ درخت زمین کا حسن ہوتے ہیں اورانسانی صحت پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کیلئے درخت انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے شجر کاری مہم میں سینئر ڈاکٹرز کو شامل کرنے پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کو مبارکباد دی اور ان کی قومی کاوشوں کو سراہا۔
پروفیسر صاحبان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کا ماحول مریضوں کی آمد و رفت، ان کے لواحقین اور تیمارداری کے لئے آنے والے کے جذباتی مناظر اور ڈاکٹرز کے ان مریضوں کی شفا یابی کے لئے تگ و دو کرنے کی وجہ سے قدرے تناو کا شکار نظر آتا ہے ایسی صورت حال میں ہسپتال کے ماحول کو فطرت دوست اور پودوں سے آراستہ کر کے سر سبز و شاداب بنانا مریضوں کے مزاج کو خوشگوار بنانے کا باعث ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے ذریعے ہمارے ماحول میں آکسیجن کی فراوانی انسانی ضرورت پوری کرنے کا باعث ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عوام کو شجر کاری کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اپنے نام کا پودا لگا کر دنیا میں اپنی موجودگی کا ثبوت دینا چاہئے۔ پروفیسر آغا شبیر علی، پروفیسر غیاث النبی طیب،پروفیسر محمد طیب،پروفیسر محمد فاروق افضل،پروفیسر خضر حیات گوندل،پروفیسر محمد حنیف میاں،پروفیسر محسن ظہیر،پروفیسر اجمل فاروق،پروفیسر ثاقب صدیق، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر شہزاد حسین شاہ، پروفیسر حافط عبدالماجد، پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر فائقہ سلیم بیگ، پروفیسر عالیہ بشیر، پروفیسر ارم، پروفیسر عظمی حسین، ڈاکٹر علی رزاق،ڈاکٹر عمر اسحاق،ڈاکٹر فریادحسین پودا لگانے والوں میں شامل تھے۔