لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کا ہنگامی اجلاس ڈاکٹر اشرف نظامی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں بھارت کے شہر کولکتہ میں دوران ڈیوٹی 31 سالہ لیڈی ڈاکٹر کی آبروریزی اور قتل کے ہولناک واقعہ کی شدید مذمت کی گئی اور اس واقعہ کے خلاف احتجاجی ڈاکٹرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ صدر پی ایم اے لاہور پروفیسر اشرف نظامی نے ورلڈ میڈیکل ایسوسی ایشن کے کونسل ممبرکی حثییت سے انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر آر۔ وی اسوکن کے ساتھ افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
عہدیداران نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی ہیلتھ کیئر پرو فیشنلز بالخصوص خواتین شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف بحثیت خاتون ہیلتھ کیئر پروفیشنلز خصوصاً خواتین کیلئے ڈیوٹی کے دوران محفوظ اور سازگار ماحول یقینی بنائیں تاکہ وہ تحفظ کے احساس کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں اور ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر شاہد ملک، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود خان، ڈاکٹرارم شہزادی، ڈاکٹر واجد علی، ڈاکٹر بشریٰ حق، ڈاکٹر ریاض ذوالقرنین اسلم، ڈاکٹر محمد صادق،ڈاکٹر نادر خان، ڈاکٹر علیم نواز کے علاوہ مجلس عاملہ کے اراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
==================
ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹرکاشف جہانگیر نے کہا کہ جناح ہسپتال کی کارڈیالوجی وارڈ میں سہولیات کی کمی کے فقدان کی خبریں حقائق کے منافی ہیں۔جناح ہسپتال کے کارڈیالوجی وارڈ اور ایمرجنسی میں معمول کے مطابق تمام ادویات فری دستیاب ہیں۔ محکمہ صحت کی ہدایت کے مطابق جناح اسپتال میں 24 گھنٹے پرائمری انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی سہولت بھی موجود ہے۔ایم ایس جناح ہسپتال نے کہا کہ کارڈیک سٹنٹس اور دل کی ادویات کا وافر سٹاک ہسپتال میں موجود ہے۔
==================
ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں ایک مریض سے غیر اخلاقی رویہ برتنے پر وارڈ اٹینڈنٹ راشد علی کو معطل کر دیا ہے۔اے ایم ایس ایڈمن کی سربراہی میں واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی -تحقیقاتی کمیٹی کو واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ جلد ازجلد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کسی سرکاری ہسپتال میں مریضوں سے غیر اخلاقی رویہ ناقابلِ برداشت ہے۔ جنرل ہسپتال لاہور میں افسوس ناک واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
===================