لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے آج مقامی ہوٹل میں انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کے زیر اہتمام منعقدہ آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔مقررین نے مریضوں کیلئے صاف خون کے استعمال کو یقینی بنانے پر زور دیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پر آگاہی سیمینار کے انعقاد پر پروفیسر شبنم بشیر اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ ہسپتالوں میں صاف خون کا استعمال ہر مریض کا بنیادی حق ہے۔ پاکستان میں ہزاروں افراد ہر سال اپنے خون کا عطیہ پیش کرتے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کے بلڈ بنکس کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انشاء اللہ اگلے دو سال میں ہر بی ایچ یو کے حالات بہت بہتر ہوں گے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں نظام صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لا رہے ہیں۔ پنجاب میں غیر قانونی طور پر چلنے والے بلڈ بنکس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ریجنل بلڈ سنٹرز کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر آئی بی ٹی ایس پروفیسر شبنم بشیر، پروفیسر طارق میاں، جنرل ریٹائرڈ سلیم احمد، پروفیسر ثمینہ نسیم، پروفیسر نثار احمد، پروفیسر مونا عزیز، پروفیسر شاہدہ محسن، مختلف ہسپتالوں میں ہیماٹولوجسٹس اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر مقررین میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔
Load/Hide Comments