لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے غازی آباد میں فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے فیلڈ ہسپتال کے سٹاف سے عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے فیلڈ ہسپتال کی ورکنگ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ فیلڈ ہسپتال کا منصوبہ حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ صوبہ بھر
میں فیلڈ ہسپتالوں کے ذریعے ہزاروں کی تعداد میں عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ عوام تک صحت کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ فیلڈ ہسپتالوں میں لیڈی ڈاکٹر، معائنہ اور ادویات کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر رانا ذیشان احمد ٹیپو، امین، ریاض انصاری، مسعود ہنی، پیر ساجد، عدنان ہاشمی، حاجی غلام نبی اور رضوان احمد موجود تھے۔