اسٹیٹ بینک مائیکرو، چھوٹی اور درمیانے حجم کی انٹرپرائزز کا دن 27 جون 2024ء کو منائے گا


25 جون 2024ء

مائیکرو، چھوٹی اور درمیانے حجم کی انٹرپرائزز ( ایم ایس ایم ایز ) کے متعلق اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر بینک دولت پاکستان میں جمعرات 27 جون 2024ء کو ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا۔ ’’ایم ایس ایم ای مالیات: شمولیتی نمو کا محرک‘‘ کے عنوان سے منعقد کیے جانے والے سیمینار کے انعقاد کا مقصد شمولیت پر مبنی معاشی نمو، روزگار کے مواقع کی تخلیق اور غربت میں کمی کے حوالے سے ایم ایس ایم ایز کے کلیدی کردار کا اعتراف کرنا ہے۔ تقریب کے دوران اسٹیٹ بینک اور مالی ادارے مائیکرو، چھوٹی اور درمیانے حجم کی انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) کو قرضوں میں پائیدار اضافے کےذریعے اس شعبے کی ترقی کو تقویت اور تحریک دینے کے متعلق اپنے عزم کا اعادہ کریں گے۔

شمولیت پر مبنی نمو کے حصول میں مائیکرو، چھوٹی اور درمیانے حجم کی انٹرپرائزز کے کلیدی کردار کو بھرپور جذبے اورعزم کے ساتھ سراہنے کی خاطر یہ دن منانے کے لیے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے 16 فیلڈ دفاتر میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی تا کہ نمایاں مائیکرو، چھوٹی اور درمیانے حجم کی انٹرپرائزز ، بینکوں اور علاقائی تجارتی تنظیموں کو شرکت اور اس شعبے کی نمو کو تحریک دینےکی خاطر شراکت داریاں بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جاسکے۔ اس کے ساتھ مالی ادارے بھی مائیکرو، چھوٹی اور درمیانے حجم کی انٹرپرائزز کا دن منانے کے لیے سوشل میڈیا مہمات، صدر دفاتر/ علاقائی دفاتر میں تقریبات کے انعقاد اور ایم ایس ایم ایز کے لیے مشاورتی کلینکس منعقد کر کے اس دن کی افادیت کو اجاگر کریں گے۔

***