وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ مہارت یافتہ افرادی قوت پیدا کرنا جامعات کی ذمہ داری ہے۔وہ پنجاب یونیورسٹی آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اورک)کے زیر اہتمام انسٹیٹیوٹ آف میٹالرجی اینڈ میٹریلز انجینئرنگ کے تعاون سے ’بائیو میٹریلز کی اضافی تیاری‘پرمنعقدہ سیمینار سے انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سینٹرل مشی گن یونیورسٹی امریکہ سے مکینیکل اینڈ میٹریل انجینئرنگ کے پروفیسر ڈاکٹر وسیم حیدر، صدر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میٹالرجی اینڈ میٹریلز انجینئرزپروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم شجاع،ڈائریکٹرانسٹیٹیوٹ آف میٹالرجی اینڈ میٹریلز انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محسن علی رضا، قائمقام ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر عقیل انعام، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد محمود، محققین، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی طلباؤطالبات کونئی ٹیکنالوجیزسکھانے
کے لئے ورکشاپس، سیمینارزاور صنعتوں کے دورے کرائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری پر اورک کی ٹیم مبارک بادکی مستحق ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی کے گریجوئیٹس دنیا بھر میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو بین الاقوامی مارکیٹ میں کام کرنے کے قابل بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ڈاکٹر وسیم حیدر نے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کا معیار تعلیم بین الاقوامی جامعات سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر سلیم شجاع نے کہا کہ موجودہ دور کے طلباء وسائل کے اعتبار سے خوش قسمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ طلباء کو چاہیے اپنی مہارتوں کو بہتر کرکے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ پروفیسر ڈاکٹر عقیل انعام نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں تحقیقی کلچر کو فروغ دینے کے لیے اورک اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کے ویژن کے مطابق گلوبل نیٹ ورکنگ، انڈسٹری و اکیڈیمیا کے روابط کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے سیمینار میں شرکت پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈاکٹر وسیم حیدر اور ماہرین کا شکر یہ ادا کیا۔