برطانوی وزیراعظم کی پروٹیکشن ٹیم کا افسر گرفتار۔
گیملنگ کمیشن کے علاوہ میٹ پولیس بھی مبینہ شرط کی تحقیقات کر رہی ہے۔میٹ پولیس
برطانوی وزیراعظم رشی سونک کی پروٹیکشن ٹیم کے افسر کو انتخابات کی تاریخ پر مبینہ شرط لگانے پر معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا۔میٹ پولیس کے مطابق گیملنگ کمیشن کے علاوہ میٹ پولیس بھی مبینہ شرط کی تحقیقات کر رہی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق میٹ پولیس نے گزشتہ جمعہ کوگیملنگ کمیشن سے رابطہ کیا تھا۔
===========================
پشاور ہائیکورٹ نے حکومت کو افغان موسیقاروں کو زبردستی بے دخلی سے روک دیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں افغان موسیقاروں کی سیاسی پناہ کیلئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد نے درخواست کی سماعت کی۔
پشاور ہائیکورٹ نے حکومت کو افغان موسیقاروں کو زبردستی بے دخلی سے روک دیا۔پشاور ہائیکورٹ میں افغان موسیقاروں کی سیاسی پناہ کیلئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد نے درخواست کی سماعت کی۔سماعت کے دوران جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ ان کا کیس کیا ہے؟ درخواست گزار کیا چاہتے ہیں؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ یہ افغان موسیقار ہیں اور ان کے پاس دستاویزات نہیں ، استدعا ہےکہ ان افغان موسیقاروں کو پاکستان سے نہ نکالا جائے۔جسٹس وقار احمد نے سوال کیا کہ آپ نے وفاقی حکومت سے رجوع کیا۔جس پر درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ یواین ایچ سی آر کو درخواست دی ہے، جو زیرالتوا ہے، درخواست پر فیصلہ آنے تک افغان موسیقاروں کو یہاں رہنےکی اجازت دی جائے۔جسٹس اعجاز انور نے سوال کیا کہ افغانستان سے آپ ویزا پر آئے ہیں، پاسپورٹ آپ کے پاس ہے؟ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ کچھ کے پاس ویزے ہیں اور کچھ بغیر ویزے کے ہیں۔پھر جسٹس اعجاز انور نے پوچھا کہ افغانستان میں آپ کو کوئی مسئلہ ہے؟ درخواست گزار نے بتایا کہ افغانستان میں ہمیں خطرہ ہے، اس لیے پاکستان آئے ہیں۔عدالت نے حکومت کو افغان موسیقاروں کو زبردستی بےدخلی سے روک دیا اور حکم دیا کہ افغان موسیقاروں کو ہراساں نہ کیا جائے۔عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
==========================
2 جہاز حادثوں میں ہلاک افراد کے لواحقین کا اربوں ڈالر معاوضے کا مطالبہ۔
سال 2018 اور 2019 میں بوئنگ 737 میکس کے 2 مسافر طیارے حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔رپورٹ
بوئنگ 737 میکس کے 2 مسافر جہازوں کے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین نے جہاز بنانے والی کمپنی سے 25 ارب ڈالر معاوضے کا مطالبہ کردیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لواحقین کے وکیل پائل کیسل نے کہا کہ لواحقین کی جانب سے مانگی گئی رقم بالکل مناسب ہے، امریکی حکومت جہاز بنانے والی کمپنی کے سربراہان کے خلاف تحقیقات کرے جو حادثے کے وقت کمپنی کے امور کے ذمہ دار تھے۔ دوسری جانب بوئنگ کمپنی کے سی ای او ڈیو کولھون نے امریکی کانگریس (سینیٹ) میں پیش ہوکر جہاز حادثوں پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ کہ ہماری کمپنی سے غلطیاں ہوئی ہیں اور ہم نے ان سے سیکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2018 اور 2019 میں بوئنگ 737 میکس کے 2 مسافر طیارے حادثے کا شکار ہوگئے تھے جن میں بہت مماثلت پائی جاتی تھی اور دونوں حادثے ناقص کنٹرول سسٹم ہونے کی وجہ سے پیش آئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک بوئنگ 737 میکس مسافر جہاز نے سال 2018 میں انڈونیشیا سے پرواز بھری اور چند منٹ بعد ہی سمندر میں گر کر تباہ ہوا، حادثے میں تمام 189 مسافر ہلاک ہوئے تھے جب کہ دوسرا حادثہ سال 2019 میں پیش آیا اور ایک ایتھوپین ائیر لائن کا بوئنگ 737 میکس جہاز ٹیک آف کے 6 منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا، اس حادثے میں بھی تمام 157 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔ جہاز حادثے میں جان سے جانے والے 346 افراد کے لواحقین نے جہاز بنانے والی کمپنی سے مجموعی طور پر 24.8 ارب ڈالر کا معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔