وزیراعلیٰ پنجاب کا صفائی عملے کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان۔


آپ نے مثالی خدمت کرکے ستھرا پنجاب کی نئی تاریخ رقم کی، شدید گرمی میں عوام کی خدمت قابل تعریف اور قابل فخر ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صفائی عملے کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کردیا۔مریم نواز کا کہنا تھاکہ آپ نے مثالی خدمت کرکے ستھرا پنجاب کی نئی تاریخ رقم کی،  شدید گرمی میں عوام کی خدمت قابل تعریف اور قابل فخر ہے۔وزیر اعلیٰ نے میونسپل اداروں، ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کے افسران اور عملے کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں، میڈیا اور عوام کا بھی شکریہ جنہوں نے اداروں کا ساتھ دے کر صفائی مہم کو کامیاب بنایا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے عید کے 3 دن بہترین صفائی اورعوامی خدمت پر وزیراعلیٰ پنجاب ،مریم نواز اورٹیم کو شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں عملے نے جس محنت سے کام کیا، قابل تعریف ہے، آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ہینڈ آؤٹ نمبر 717
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر عید الاضحی پر 72گھنٹے سے جاری ”زیرو ویسٹ مشن“کامیابی سے ہمکنار
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے عید کے تینوں روز صوبے بھر میں جاری ”زیروو یسٹ مشن“ اور عید الاضحی سے متعلق ہرٹاسک کی خود مانٹیرنگ کی
لاہور میں پہلی مرتبہ ڈرون ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں سے سینی ٹیشن مانیٹرنگ کی گئی، کینال میں آلائشیں ڈالنے کے واقعات میں 80فیصد کمی
تمام بڑے شہروں اور قصبات میں عید کے تینوں روز آلائشیں اٹھاکر گڑھے میں تلف،سڑکوں، گلیوں کو فینائل اور عرق گلاب ملے پانی سے دھویا گیا
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افسران اور عملے کو شاباش، تحصیلوں اور یونین کونسلوں میں انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا،شکریہ بھی ادا کیا
حکومتی اداروں، عوامی نمائندوں نے عوام کی خدمت کی قابل تقلید مثال قائم کی، پنجاب کو مثالی صوبہ بنانے کی کاوشیں جاری ہیں: مریم نوازشریف
پنجاب میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جامع سسٹم لارہے ہیں، ستھرا پنجاب محض نعرہ نہیں رہا بلکہ حکومتی اداروں نے عوام کے اشتراک سے عملی طور پرکر کے دکھا دیا: وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیر بلدیات ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، ضلعی انتظامیہ، ویسٹ مینجمنٹ حکام کے فیلڈ وزٹ،وزیراعلیٰ کی طرف سے عید کے تحائف تقسیم کیے گئے
لاہور 19 جون:……وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں عید الاضحی کے موقع پر 72گھنٹے جاری زیر وویسٹ مشن کامیابی سے ہمکنار ہونے سے عوامی خدمت کا منفرد ریکارڈ قائم ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے عید کے تینوں روز زیروو یسٹ مشن اور عید الاضحی سے متعلق ہرٹاسک کی خود مانٹیرنگ کی۔لاہور میں پہلی مرتبہ ڈرون ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے سینی ٹیشن مانیٹرنگ کی نئی اختراعی روایات قائم کی گئی۔لاہور کینال میں عید کے موقع پر آلائشیں پھینکنے کی بدعت میں 80فیصد کمی آئی۔صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹریز، ضلعی انتظامیہ، ویسٹ مینجمنٹ حکام فیلڈ میں وزٹ کرکے نگرانی کرتے رہے اور وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی طرف سے عملے میں عیدکے تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ مساجد، عیدگاہوں، امام بارگاہوں، بازاروں، سڑکوں، چوراہوں اور گلیوں کی صفائی کا غیر معمولی اہتمام کیا گیا۔ نہروں پر عوام خاص طور پر بچوں کی حفاظت کے لئے خصوصی طور پر گارڈزمتعین کیے گئے۔ صوبائی، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کی سطح پرقائم کنٹرول رومز میں بھی نگرانی کا عمل جاری رہا۔پنجاب بھر میں پہلی بار 32لاکھ سے زائدبائیو گریڈ ایبل بیگ تقسیم کیے گئے۔ عید کے روز تمام بڑے شہروں، تحصیلوں اور قصبات میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لئے متعلقہ عملہ اور حکام متحرک رہے۔مختلف شہروں میں آلائشوں کو گڑھے کھود کر ٹھکانے لگایا گیا۔عید کے دوسرے اور تیسرے روز بھی زیر ویسٹ مشن زروشور سے جاری رہا۔ اضلاع و تحصیلوں اور قصبات میں آلائشیں اٹھا کر راستوں کی دھلائی کی گئی۔فینائل اور عرق گلاب ملے پانی سے چھڑکاؤ کیا گیا۔لاہور کینال لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی چار سپیشل ڈرون ٹیموں نے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی۔ نہر میں گندگی پھینکنے پر 2لاکھ80 ہزار جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ صفائی کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہریوں کو نوٹس جاری ہوئے اور وارننگ بھی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افسران اور عملے کو شاباش دی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے تحصیلوں اور یونین کونسلوں میں انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے عوامی جذبے کو سراہا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر کے منتخب عوامی نمائندوں اور پارٹی رہنماؤں کا بھی صفائی مہم میں ساتھ دینے پر بھر پور شکریہ اد اکیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومتی اداروں، عوامی نمائندوں اور شہریوں نے عوام کی خدمت کی قابل تقلید مثال قائم کی جو پنجاب کو مثالی صوبہ بنانے کے لئے جاری کاوشوں کا حصہ ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ضلعی انتظامیہ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور بلدیاتی ادروں کے اشتراک کار کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جامع سسٹم لارہے ہیں اور ستھرا پنجاب ویژن کو حقیقت بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل کرم سے ستھرا پنجاب محض نعرہ نہیں رہا بلکہ حکومتی اداروں نے عوام کے اشتراک سے عملی طور پرکر کے دکھا دیا۔