رکن قومی اسمبلی میر منور تالپور نے کہا ہے کہ ایل بی او ڈی اور قدرتی آبی گذرگاہ ڈھورو پران نالوں پر قائم ناجائز تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کی اشد ضرورت ہے


۔میرپورخاص (رپورٹ تحسین احمد ~
رکن قومی اسمبلی میر منور تالپور نے کہا ہے کہ ایل بی او ڈی اور قدرتی آبی گذرگاہ ڈھورو پران نالوں پر قائم ناجائز تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کی اشد ضرورت ہے . ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کمشنر میرپورخاص ڈویژن فیصل احمد عقیلی کے ہمراہ کمشنر کمیٹی ہال میرپورخاص میں مون سون امکانی تیز بارشوں سے قبل پانی کی گذر گاہوں کو محفوظ و مضبوط بنانے کے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا . ایم این اے میر منور تالپور نے مزید کہاکہ 2022 کی بارشوں میں ایل بی او ڈی نالوں میں 19 شگاف پڑنے سے میرپورخاص کے علاقوں کو شدید نقصان پہنچا تھا انہوں نے کمشنر کو ہدایت کی کہ ڈھورو پران پر قائم ناجائز تجاوزات کوہٹانے کے لیے موئثر حکمت عملی اپنا کر کاروائی کی جائے . اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جب تک آر ڈی 297 سے ڈھورو پران اور ایل بی او ڈی کو علیحدہ نہیں کیا جائے گا تب تک ڈھورو پران اور ایل بی اوڈی پر بارشوں کا پانی جمع ہوتا رہے گا جس سے نہ صرف شہروں کو بلکہ عوام کو بھی مشکلات میں مبتلا کرتا رہے گا.اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ایل بی او ڈی بشیر علی جمانی نے بتایا کہ ڈھورو پران کے آر ڈی 210 میں 50فیصد تک بھل صفائی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور بہت جلد سائفن کا کام بھی مکمل کر لیا جائے گا جبکہ آر ڈی 297 میں ورلڈ بینک کی جانب سے ریگییولیٹر بنایا جا رہا ہے اسی ضمن میں زیرو پوائنٹ پر 15 مئی تک گیٹ لگانے کا کام مکمل کیا جائے گا . اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈھورو پران کے آر ڈی 251 سے بارش کا پانی ہو کر آر ڈی 271 سے ایل بی او ڈی میں شامل ہوتا ہے جس کے درمیان 13 آر ڈی ہیں جن پر کام کیا جا رہا ہے. اس موقع پر زاہد بھرگڑی صدر چیمبر آف ایگریکلچر نے کہا کہ جب تک آر ڈی 297 سے ایل بی او ڈی اور ڈھورو پران کو علیحدہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک بارش کے پانی کی نکاسی نا ممکن ہے تاہم ایل بی او ڈی کے افسران کو چاہیے کہ وہ نکاسی آب کے اس منصوبے کے کام کو قبل از وقت مکمل کریں . اس موقع پر بتایا گیا کہ بندوں کے پشتوں کو محفوظ اور مضبوط کرنے کا کام بھی جاری ہے . اس موقع پر کمشنر فیصل احمد عقیلی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ آر ڈی 276 سے کام شروع کرنے سے قبل جو بھی آر ڈیز ہیں ان میں جو بھی درپیش مسائل اور رکاوٹیں ہیں انہیں حل کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں . اجلاس میں ڈائریکٹر نارا کینال ایریا واٹر بورڈ میرپورخاص نعیم میمن، ایکسئین ڈرینیج میرپورخاص فواد ، ایکسئین ڈرینیج بدین فرحان حسین وگن، ثناء اللہ ایکسئین ڈرینیج سب ڈویزن عمرکوٹ، میر کامران تالپور چئیرمین ٹاؤن کمیٹی جھڈو ، تمام تحصیلوں کے اسٹنٹ کمشنروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی .*