گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں اولڈ روائینز یونین کی سالانہ عشائیہ کی تقریب کا انعقاد. وفاقی وزیر قانون، اعظم نذیر تاڑر، بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئے

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں اولڈ روائینز یونین کی سالانہ عشائیہ کی تقریب کا انعقاد. وفاقی وزیر قانون، اعظم نذیر تاڑر، بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئے جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے بھی بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔ تقریب کی صدرات پہلی خاتون وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے کی۔ چئیرمین پیمرا کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کالج ایک ادارے کا نہیں بلکہ ایک کلچر کا نام ہے۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر شازیہ بشیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پہلی نیوکلیئر ریسرچ لیبارٹری گورنمنٹ کالج میں قائم ہوئی، اس لیبارٹری کے طلباء نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔مجھے اس لیبارٹری کی پہلی خاتون ڈائریکٹر ہونے کا اعزاز بھی ملا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تاڑر نے جذباتی انداز میں گورنمنٹ کالج میں زمانہ طالب علمی کی یادوں کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اولڈ روائینز کا اپنے کالج سے رشتہ جسم اور روح کا ہے۔ وزیر قانون نے گورنمنٹ کالج کے معیار کو بحال کرنے کے لئے وائس چانسلر کو مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کروائی۔ اولڈ روائینز یونین کے صدر سید طیب رضوی نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے تنخواہ ملک میں سب سے زیادہ ہونی چاہیے تا کہ بہترین ذہنوں کو تدریس کے شعبہ سے منسلک کیا جا سکے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ خصوصی سوشل میڈیا ایپ تیار کر رہے ہیں تا کہ اولڈ روائینز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر سکیں۔

ڈائریکٹر جنرل لیسکو شاہد محمود اور نامور ڈاکٹر آف میڈیسن دانیال ناگی نے اپنے والدین کے نام سے ذہین طلباء کے لئے 10 لاکھ روپے کے سکالرشپ عطیہ کیے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ کالج کی پہلی خاتون وائس چانسلر شازیہ بشیر سے بہت متاثر ہوا۔ سپیکر کی جانب سے اولڈ روائینز میں پبلک پالیسی اور قانون سازی کے سکلز کے فروغ کے لئے یونین اور پنجاب اسمبلی میں معاہدہ کی تجویز بھی دی گئی۔ عشائیہ کے موقع پر سپورٹس سمیت مختلف شعبہ میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اولڈ روائینز کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا