یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے سکول آف لبرل آرٹس کے تحت تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

لاہور (جنرل رپورٹر )  یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے سکول آف لبرل آرٹس کے تحت تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع    “علمیات محیط: بے زبانوں کو زبان دینا  ” تھا۔ کانفرنس کا مقصد پاکستان میں پسماندہ علمی علوم کی ادبی اور لسانی نمائندگی پر روشنی ڈالنا اور اسکو فروغ دینا ہے۔

کانفرنس کا انعقاد پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس، ڈیجیٹل فوک وزڈم پروجیکٹ اور الکتاب کے باہمی اشتراک سے کیا گیا جو کہ علمی تبادلے کو فروغ دینے کی اجتماعی کوششوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ کانفرنس میں 60 سے زائد تحقیقی مقالے بھی پیش کیے گئے۔ لبرل آرٹس سے متعلق چیلنجز کا حل تلاش کرنے کے لیے پینل ڈسکشنز کا بھی اہتمام کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز سلطان ایم نواز ناصر نے اسلام آباد سے بطور مہمان خصوصی کانفرنس میں شرکت کی۔جبکہ قومی اور بین الاقوامی مقررین میں ڈاکٹر کلیئر پاممنٹ،ڈاکٹر صلاح حسن، منیزہ شمسی، پروفیسر ڈاکٹرسفیر اعوان، ڈاکٹر منزہ یعقوب، پروفیسر ڈاکٹر تیمور کیانی، ڈاکٹر محمد حسن ظفر، ڈاکٹر محمد شیراز دستی، ڈاکٹر محمد عبداللہ، ڈاکٹر سونیا ارم سمیت دیگر ریسرچرز، ماہرین، سکالرزاور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ڈین سکول آف لبرل آرٹس ڈاکٹر نادیہ انور نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ علمی گفتگو اب شمولیت اور تنوع کی اہمیت پر زور دیتی ہے۔ یہ کانفرنس زیادہ مساوی اور متنوع تعلیمی ماحول پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ بامعنی مکالموں اور علمی مصروفیات کے ذریعے اس کانفرنس کا مقصد پسماندہ گروہوں کی آوازوں کو بڑھانا اور نظر انداز کیے جانے والے علمی علوم کو اجاگر کرنا ہے۔

ریکٹر یو ایم ٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف رضا نے تمام مہمانوں اور مقررین کو کانفرنس میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنس کا مقصد طلباء میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اس کانفرنس جیسے پلیٹ فارمز لبرل آرٹس کو درپیش چیلنجز کا بہترین حل تلاش کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر آصف کا کہنا تھا کہ ہمیں بطور مصنف یہ سوچنا ہوگا کہ ہم اپنے معاشرے کو کیسے پرسکون اور پرامن بنا سکتے ہیں۔ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی زبان و ادب میں آگے بڑھ رہا ہے۔ ریکٹر نے مزید بتایا کہ  اپنی ثقافت اور تاریخ سے جڑے رہنے سے آپ اپنے مستقبل کو محفوظ اور روشن بنا سکتے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز سلطان ایم نواز ناصر اور دیگر مقررین نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر یو ایم ٹی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انکا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بچوں سے مقامی زبان میں بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم سب کا اپنی ثقافت سے جڑا رہنا بہت ضروری ہے۔ ادب کو کسی سرحد کا پابند نہیں کیا جا سکتا، سلطان ایم نواز
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر آصف رضا اور ڈاکٹر نادیہ انور نے مہمان مقررین اور شرکاء کو سووینئرز بھی پیش کیے۔