صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت چلڈرن ہسپتال لاہور کے ری ویمپنگ منصوبہ کے حوالے سے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں اجلاس منعقدہوا،

لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت چلڈرن ہسپتال لاہور کے ری ویمپنگ منصوبہ کے حوالے سے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں اجلاس منعقدہوا،جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران چلڈرن ہسپتال لاہور کے ری ویمپنگ منصوبہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بریفننگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران سی اینڈ ڈبلیو کے افسران کی ری ویمپنگ منصوبہ میں مقررہ وقت میں تاخیرپر سرزنش بھی کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال کے تینوں فلورز کا دورہ کرکے جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں ری ویمپنگ کا منصوبہ ہر حال میں مکمل چاہئے۔ چلڈرن ہسپتال لاہور بچوں کے علاج کے حوالے سے ایشیاء کا پہلا اور دنیا کا دوسرا بڑا ہسپتال ہے۔ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں والدین اپنے بچوں کو چلڈرن ہسپتال علاج و معالجہ کی غرض سے لے کر آتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نامکمل فلورز کو جلد مکمل کیا جائے۔ جلد دوبارہ دورہ کرکے چلڈرن ہسپتال لاہور میں ری ویمپنگ منصوبے کا جائزہ لیں گے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے سی اینڈ ڈبلیو کے افسران کو ری ویمپنگ منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
=========================

لاہور(جنرل رپورٹر) تعلیمی بورڈ لاہور کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ امتحان سالانہ 2024 کے سلسلے میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں اقامتی آفیسر، ناظم اور نائب ناظم امتحان کےتقرری لیٹر جاری کیے گئے۔جس میں سیکرٹری لاہور بورڈ ڈاکٹر بشری بی بی اور کنٹرولر امتحانات محمد زاہد میاں نے شرکت کی۔
=====================

لاہور( مدثر قدیر) جگر کو برباد کرکے انسانی زندگی ختم کرنے والی بیماری ہیپاٹاٗٹس ، تپ دق (ٹی بی) کو مات دے کر پہلے نمبر پر آگئی ۔ہیپاٹائٹس کے دو تہائی کیسز صرف 10 ممالک میں سامنے آئے ہیں اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ جن کمیونٹیز میں ہیپا ٹائٹس پھیل چکا ہے وہاں اب اس کے پھیلنے کی رفتار کنٹرول سے باہر ہو رہی ہے۔ ان ممالک میں پاکستان، بنگلا دیش، چین، ایتھوپیا، بھارت، انڈونیشیا، نائیجریا، فلپائن، روس اور ویتنام شامل ہیںجبکہ پہلی بار ہیپاٹائٹس ٹی بی کو پیچھے چھوڑنے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ ہیپاٹائٹس بی اور سی وائرس سے اب ٹی بی جتنی ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ایک رپورٹ کے مطابق 2022 میں ہیپاٹائٹس بی اور سی سے 13 لاکھ اموات ہوئیں۔ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا کہ اگر اسوبائی مرض کو روکنے کے لئے اقدامات نہ کیے گئے تو 2040 تک ہیپاٹائٹس سے ہونے والی ہلاکتیں ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتوں سے زیادہ ہو جائیں گی۔اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے گیسٹرو انٹالوجسٹ پروفیسر محمد آصف گل اور پروفیسر اسرار الحق طور نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس کا وائرس خون کے ذریعے پھیلتا ہے اور عالمی طبی ماہرین کی جانب سے اسے اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہےجبکہ وائرل ہیپاٹائٹس پر عالمی سطح پر زیادہ وجہ نہیں دی جا رہی،ہیپاٹائٹس کی علامات میں تھکاوٹ، یرقان اور متلی قابل ذکر ہیں، مگربیشتر کیسز میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں اور مرض کی تشخیص آخری مرحلے میں ہوتی ہیں۔اس وائرس کے پھیلاؤ کی اہم وجہ متاثرہ خون کی منتقلی سے پہلے سکیننگ نہ کرنا، وائرس سے آلودہ سرنجوں اور آلات کا استعمال ہے جبکہ ہیپاٹائٹس بی متاثرہ ماں سے بچوں میں منتقل ہو سکتا ہے۔ہیپاٹائٹس بی سے تحفظ کے لیے ایک ویکسین دستیاب ہے مگر مریضوں کو اس تک رسائی کے لیے کافی محنت کرنا پڑتی ہے ۔ دوسری جانب ایچ آئی وی، ٹی بی اور ملیریا کے خلاف عالمی فنڈ کے قیام کے دوران ہیپاٹائٹس کے بوجھ کو نظر انداز کر دیا گیاہے جس کی وجہ سے گزشتہ 10 برسوں کے دوران کم آمدنی والے ممالک میں ہیپاٹائٹس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ ان کے پاس اس وائرس کی روک تھام کے لیے درکار وسائل موجود نہیں۔ مگر اب ترقی یافتہ ممالک میں بھی یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔واضح رہے دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس سے ہونے والی 83 فیصد اموات ہیپاٹائٹس بی اور جبکہ 17 فیصد ہیپاٹائٹس سی کے باعث ہوتی ہیں۔
======================

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ آرٹیکل 25 اے کے نفاذ کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تعلیمی نصاب کو جدید انداز میں ڈھالنے کیلئے بھی سٹیک ہولڈرز اور پالیسی سازوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ آئندہ تعلیمی سال تعلیمی ایمرجنسی کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک غیر سرکاری تنظیم کے تحت منعقدہ تعلیمی سیمینار اور پنجاب اسمبلی میں اراکین اسمبلی کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام سٹیک ہولڈر سے مشاورت کر کے فیصلے کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ اس ضمن میں کوئی بھی فیصلہ ڈرائنگ روم میں نہیں کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیمی نظام کی بہتری کے حوالے سے نجی سیکٹر کی شراکت حکومت کیلئے بہت معاون ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آفٹر نون پالیسی دی مگر اس پالیسی کے ساتھ انصاف نہ کر سکی۔ آفٹر نون سکول گھوسٹ ثابت ہوئے۔ سکولوں میں 20 لاکھ جعلی انرولمنٹ نکلی۔ سکول بنیادی سہولیات سے تاحال محروم ہیں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عہدہ سنبھالتے ہی سکولوں میں سہولیات کے فقدان کا نوٹس لیا اور فی الفور سہولیات پوری کرنے کی ہدایت کی۔ اراکین اسمبلی کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت ہر یونین کونسل میں سکول بنانے پر کام کر رہی ہیں جبکہ پرائیویٹ سیکٹر، اساتذہ اور والدین پر مشتمل سکول مینجمنٹ کونسل بھی بنا رہے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن، تعلیم بالغاں اور ٹیکنالوجی کو سیکھنے کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔ ٹیچر ٹریننگ اور کوالٹی ایجوکیشن پر فوکس کر کے تعلیم کو ابتری سے نکالیں گے۔ اس ضمن میں اہم ریفارمز لانے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ جلد ایک شفاف ایجوکیشن پالیسی منظر عام پر آئے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ایسا پاکستان بنائیں گے جو ٹیکنالوجی کو ایکسپورٹ کرے گا۔
=========================

لاہور (جنرل رپورٹر) عید الفطرکی مناسبت سے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورمیں غیر ملکی طلباء و طالبات کے اعزاز میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔جس میں وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ناصرحیات نے خصوصی شرکت کی جبکہ ڈین فیکلٹی آف کیمیکل،منرل اینڈ مٹیریل سائنسزپروفیسر ڈاکٹرنوید رمضان،ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹرمحمد شعیب،ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر خالد فاروق،ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز،ہیومینٹیزاینڈ اسلامک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹرمحمد شاہد رفیق،ڈین فیکلٹی آف ارتھ سائنسز اینڈانجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر زبیر ابوبکر،رجسٹرار محمد آصف،سینئر وارڈن پروفیسرڈاکٹرمحمد مشتاق،ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرزپروفیسر ڈاکٹرآصف علی قیصر،پروفیسر ڈاکٹر ریحانہ شریف،پروفیسر ڈاکٹرصباحت اورغیر ملکی طلباء و طالبات شریک ہوئے۔طلباء نے وائس چانسلر،فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔