بھارت: 62 روپے میں آن لائن آٹو بُک کرنیوالے صارف کو کروڑوں کا بل موصول

بھارتی شہر نوئیڈا میں آن لائن رائیڈ ڈراؤنا خواب بن گئی، 62 روپے میں آن لائن آٹو بک کرنے والے صارف کو 7.66 کروڑ روپے کا بل تھما دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ جمعہ کے روز ایک آن لائن ٹیکسی سروس کے صارف نے 62 روپے میں آٹو بک کروایا، سفر کرنے کے بعد اس صارف کو سو، دو سو، ہزار یا لاکھ روپے نہیں بلکہ 7.66 کروڑ کا بل موصول ہوا۔

اس شخص نے اس غیر متوقع تجربے کو ویڈیو کی شکل میں سوشل میڈیا ایپ ایکس (ٹویٹر) پر بھی شیئر کیا جس کا اُس کے دوست نے مشورہ دیا تھا۔

اس ویڈیو کے فوراً وائرل ہونے کے بعد آن لائن سروس کے آفیشل ایکس پیج نے معافی نامہ جاری کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔