)صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیرصدارت آئی ڈیپ ہیڈآفس میں اجلاس منعقد ہوا،

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیرصدارت آئی ڈیپ ہیڈآفس میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان،سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن(ر) شامیر، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی اور میاں طارق سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران لاہورمیں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف کینسرکئیرہسپتال کے ماسٹر پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت علی جان خان اور سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن (ر) شامیر نے اس حوالے سے صوبائی وزراء کو بریفنگ بھی دی۔
صوبائی وزیرمحکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہورمیں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف کینسرکئیرہسپتال کے ماسٹر پلان کا تفصیلی جائزہ لیاگیاہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق لاہورسمیت پنجاب بھرمیں کینسرکے مریضوں کو ایک ہی چھت تلے علاج و معالجہ کی بہترسہولیات میسر آ سکیں گی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور میں کینسرکئیرہسپتال کی شکل میں کینسرکے مریضوں کا درینہ مطالبہ پوراہونے جارہاہے۔لاہورمیں کینسرکئیرہسپتال کی تعمیرکاٹاسک آئی ڈیپ کو سونپاگیاہے۔لاہورمیں تعمیرہونے والے کینسرکئیرہسپتال کوعملی جامہ پہنانے کیلئے ہر قسم کے فنڈزدستیاب ہیں۔
صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ لاہورمیں کینسرکئیرہسپتال کی تعمیرکے تمام مراحل کی مسلسل مانیٹرنگ کریں گے۔ ہسپتال میں ہیلی پیڈ لازمی بنایا جائے گا۔کینسر کیئر ہسپتال میں ڈے کیئر سنٹر بھی بنایا جائے گا۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ حکومت پنجاب عوام دوست پالیسیوں کو اپنا رہی ہے۔عوامی منصوبوں پر خرچ کئے جانے والے فنڈز میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینا چاہتے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نئے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی سائٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید واجد علی شاہ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، ایم ایس لیڈی ولنگٹن ہسپتال ڈاکٹر سعید اختر اور آئی ڈیپ کے افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سائٹ پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔آئی ڈیپ کے افسران نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پرانے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی عمارت انتہائی کمزور ہو چکی ہے۔ متعلقہ اداروں کو نئے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نئے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نئے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی تعمیر کے بعد ہزاروں مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں