خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب

لاہور(مدثر قدیر)خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہاہے کہ خواتین معاشرے کا اہم رکن ہیں کوئی بھی معاشرہ مرداورعورت کے وجود سے قائم ہوتاہے ، عورت ماں ، بہن ، بیوی، بیٹی اوردیگر مقدس رشتوں کے ساتھ ایک اہم مقام رکھتی ہیں جس سے کوئی بھی باشعورانسان انکارنہیں کرسکتااور اگرہم معاشرے میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو ہمیں خواتین کو ان کا اصل مقام اور عزت و احترام دیناہوگا۔ تقریب میں لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، نائب صدر امجد عثمانی ،سیکرٹری زاہد عابد، ممبرگورننگ باڈی راناشہزاد ، عالیہ خان اور فاطمہ مختاربھٹی نے تقریب میں شرکت کرنے والی خواتین کو خوش آمدیدکہا۔ تقریب میں خواتین صحافیوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی جبکہ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر زاہد رفیق بھٹی،پی ایف یوجے کے سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان اورالخدمت فاو ¿نڈیشن ویمن ونگ کی جنرل سیکریٹری سمیعہ سلمان نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔پریس کلب کے سیکرٹری زاہد عابد نے کہاکہ آج کی تقریب خواتین صحافیوں کی خدمات کے اعتراف میں منعقد کی گئی ہے, معاشرے کی ترقی اور بہتری کیلئے خواتین صحافیوں کا اہم کردار رہا ہے۔ الخدمت فاو ¿نڈیشن ویمن ونگ کی جنرل سیکریٹری سمیعہ سلمان نے استقبال رمضان کے حوالے سے خصوصی لیکچر بھی دیا ۔ تقریب کے اختتام پر صدر پریس کلب ارشد انصاری اور سیکرٹری زاہد عابد نے پریس کلب کی خواتین ممبران کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہو ئے انہیں تعریفی اسناد پیش کیں۔ا نہوں نے خواتین کے عالمی دن کے پروگرام کے شاندار انعقاد پر ممبر گورننگ باڈی فاطمہ مختاربھٹی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
====================
لاہور(جنرلرپورٹر ) ہندو مذہب کے تہوار شیو راتری کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 200یاتریوں کا وفد کل6 مارچ کو واہگہ بارڈ کے راستے پاکستان پہنچے گاجہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کے اعلی حکام اور مقامی ہندو رہنماء یاتریوں کا استقبال کریں گے بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرانئز رانا شاہد سیلم کا کہنا ہے کہ چیئرمین بورڈ ارشد فرید خان کے احکامات کی روشنی میں یاتریوں کی سیکورٹی،رہائش،ٹرانسپورٹ سمیت دیگرتمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ترجمان بورڈ کے مطابق6مارچ کو ہندو یاتری لاہور میں قیام کرنے کے بعد 7مارچ کو کٹاس راج روانہ ہوں گے جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام مہا شیو راتری کی مرکزی تقریب9مارچ کو تاریخی کٹاس راج مندر چکوال میں منعقد ہو گی جس میں مختلف سیاسی سماجی و مذہبی رہنماء بھی شریک ہوں گے، یاتری10مارچ کو لاہور واپس آئیں گے،11مارچ کو لاہور میں موجود کرشنا مندر،شاہی قلعہ و دیگر تاریخی مقامات کا دورہ کرنے کے بعد 12مارچ کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔
==============