خیبرپختونخوا، پنجاب اور وفاق میں اتحاد نہیں ہوگا، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور وفاق میں اتحاد نہیں ہوگا۔ صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ کے نام پر منگل تک فیصلہ ہوگا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ کسی جماعت نے ہمارے آزاد امیدواروں سے رابطہ نہیں کیا، پارٹی نے میٹنگ بلائی ہے، تمام آزاد امیدوار رابطے میں ہیں، انہیں پارٹی حمایت حاصل ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ کےلیے ابھی تک کوئی نام فائنل نہیں ہوا، انتظامی امور کے بنیادی معاملات حل کرنے کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشستوں پر جیتنے والے آزاد امیدواروں سے عمیر نیازی کا رابطہ ہوا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں ہوگا، اکیلے حکومت بنانے پر توجہ ہے۔
=========================

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کے لیے ایک حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا، سیاست دانوں، ان کی جماعتوں اور ہمارے اداروں کو اللہُ کی طرف سے بھیجے ہوئے اس موقع کو قبول کرکے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیئے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، خاص طور پر خواتین کو جو شدید مشکلات کے باوجود بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ووٹ دیا، نوجوان بھی بلخصوص داد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ووٹنگ کے عمل میں پرامن طریقے سے حصہ لے کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا جمہوریت پر یقین، ولولہ اور تعمیر ملت کا عزم انشاللہ تاریخ رقم کرے گا۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ شدید مالی بحران سے نکلنے، مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کے لیے ایک حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نضر آرہا ہے، ہمیں اس پُرجوش جذبے کا جشن منانا چاہیے اور دنیا کو پاکستان کا یہ خوبصورت چہرہ دکھانا چاہیئے، ہمارے شاندار مستقبل میں میرا اعتماد مضبوط ہوا ہے کیوں کہ لوگوں نے کُھل کر بڑی تعداد میں اپنی مرضی کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مشورہ دیا ہے کہ میرے شہریوں کے اس عظیم مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیئے اور اسے کھل کر تسلیم کرنا چاہیئے۔ سیاست دانوں، ان کی جماعتوں اور ہمارے اداروں کو اللہُ کی طرف سے بھیجے ہوئے اس موقع کو قبول کر کے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے، بے شک اللہ پاکستان پر بہت مہربان ہے، آؤ میرے لوگو، اٹھو اورمتحد ہو جاؤ، سب کچھ جوڑ کر تعمیر نو کا کام شروع کرو، دنیا آپ کی منتظر ہے۔