ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کو مضبوط کرنے اور کراس بارڈر اسمگلنگ کی روک تھام جیسے ضروری اقدام سے ملکی معیشت کو استحکام ملا ہ


کراچی 18 اکتوبر2023:ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین آصف سم سم نے غیر یقینی معاشی صورتحال کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے انقلابی اقدام پر چیف آف آرمی اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کو مضبوط کرنے اور کراس بارڈر اسمگلنگ کی روک تھام جیسے ضروری اقدام سے ملکی معیشت کو استحکام ملا ہے۔
چیئرمین آباد نے کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ساتھ ساتھ آرمی چیف کے اقدامات سے حکومت پاکستان پٹرول کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر،ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر کمی کرسکی ہے جس کے نتیجے میں کاروبار،صنعتی،زراعت اور تعمیراتی شعبے کو اعتماد ملا ہے جو معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔انھوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے روزمرہ کی اشیا کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوگی جس سے عوام بھی مستفید ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ روپے کی قدر بڑھنے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی سے اشیائے روز مرہ کے ساتھ ساتھ تعمیراتی مٹیریل میں بھی کمی آئے گی جس سے تعمیراتی شعبہ ترقی کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی سرگرمیاں بڑھنے سے 70 سے زائد دیگر ذیلی صنعتوں کا پہیہ بھی چلنے لگے گا،جس سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ لاکھوں افراد کو روزگار بھی ملے گا۔آصف سم سم نے کہا کہ آرمی چیف کی ہدایت پر ڈالر کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن سے نہ صرف پاکستانی روپیہ مضبوط ہوا ہے بلکہ اس سے پاکستان کے بیرون قرضوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔آصف سم سم نے کہا کہ آرمی چیف کے اقدام کے نتیجے میں گزشتہ 5 ہفتوں کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 60 روپے سے زیادہ کمی کے باعث پاکستان کے بیرونی قرضے 4 ہزار ارب روپے کم ہوچکے ہیں۔آصف سم سم نے کہا کہ آرمی چیف کی ہدایت پر اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں سے پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔آصف سم سم نے کہا کہ آرمی چیف جنرل کی مداخلت پر حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پاکستان کی معیشت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوں گے اور صنعتی،زرعی اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو اعتماد ملے گا۔
=========================

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC