پاکستان کرکٹ بورڈ کے جانب سے کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹس دیے جانے پر کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ: یہ ایک تاریخی ڈیل ہے جس سے وہ خوش اور مطمئن ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جانب سے کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹس دیے جانے پر کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ:

یہ ایک تاریخی ڈیل ہے جس سے وہ خوش اور مطمئن ہیں۔یہ ایک چیلنجنگ اور طویل عمل تھا لیکن ہم ایک صاف اور فائدہ مند معاہدے پر پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ معاہدہ کھلاڑیوں کے کریئر اور پاکستان کرکٹ کے لیے ایک نیا باب ہوگا۔

میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کا خاص طور پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لی ان کی یہ دلچسپی پاکستان کرکٹ کے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔
===================

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا۔

25 کرکٹرز کو کنٹریکٹس دیے گئے ہیں۔ ریڈ بال اور وائٹ بال کی علیحدہ کیٹگریز ختم

لاہور ۔ 27ستمبر، 2023

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینئر کرکٹرز کے ساتھ معاملات طے پانے کی تصدیق کرتے ہوئے اگلے تین سال کے لیے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے30 جون 2026ء تک ہوگا۔

25 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹس دیے گئے ہیں جس میں آئی سی سی آمدنی کا حصہ بھی شامل ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس مرتبہ ریڈ بال اور وائٹ بال کنٹریکٹس کو ضم کردیا ہے۔یہ فیصلہ سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کا اندازہ میچوں کے نتائج سے لگایا جائے تاکہ سلیکشن کا صاف شفاف عمل موجود ہو۔

کھلاڑیوں کو چار کیٹگریز میں رکھا گیا ہے اور ان کے ماہانہ معاوضوں میں قابل ذکر اضافہ کیا گیا ہے۔آئی سی سی سے حاصل ہونے والی آمدنی اسی مجموعی ماہانہ معاوضوں میں شامل کی جائے گی۔
اے کیٹگری۔ ( تین کرکٹرز ) دوسو دو فیصد ۔
بی کیٹگری ( چھ کرکٹرز) ایک سو چوالیس فیصد۔
سی کیٹگری ۔ ( دو کرکٹرز ) ایک سو پنتیس فیصد ۔
ڈی کیٹگری ( چودہ کرکٹرز ) ایک سو ستائیس فیصد

اے کیٹگری ۔ بابراعظم ۔ محمد رضوان ۔ شاہین شاہ آفریدی۔

بی کیٹگری۔ فخرزمان ۔ حارث رؤف۔ امام الحق۔محمد نواز۔ نسیم شاہ اورشاداب خان۔

سی کیٹگری ۔ عماد وسیم ۔ عبداللہ شفیق۔

ڈی کیٹگری ۔ فہیم اشرف۔ حسن علی۔افتخار احمد۔ احسان اللہ ۔ محمد حارث۔ محمد وسیم جونیئر۔ صائم ایوب۔ سلمان علی آغا۔ سرفراز احمد۔ سعود شکیل۔ شاہنواز دھانی۔ شان مسعود۔ اسامہ میر اور زمان خان۔

کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جو ٹیسٹ میں پچاس فیصد ون ڈے انٹرنیشنل میں پچیس فیصد اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ساڑھے بارہ فیصد ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر انٹرنیشنل میچ فیس کا پچاس فیصد ملے گا۔

کھلاڑیوں کو ہر سیزن میں دو غیرملکی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی۔

کھلاڑیوں کی کارکردگی کا ہر سال جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہمارے کرکٹرز ملک کا حقیقی اثاثہ ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کا خیال رکھیں اور انہیں بہترین دستیاب خدمات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس سینٹرل کنٹریکٹ سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ ہم اپنے کرکٹرز کی مالی حالت کو بہتر کرنے میں سنجیدہ ہیں اور ان کی سخت محنت اور کھیل سے لگاؤ کو سمجھتے ہیں۔

ذکا اشرف نے کہاکہ اب ہم آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں اور پوری قوم پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے کہ وہ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی اور ہمیں اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹیم قوم کو فخر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ یہ ایک تاریخی ڈیل ہے جس سے وہ خوش اور مطمئن ہیں۔یہ ایک چیلنجنگ اور طویل عمل تھا لیکن ہم ایک صاف اور فائدہ مند معاہدے پر پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ معاہدہ کھلاڑیوں کے کریئر اور پاکستان کرکٹ کے لیے ایک نیا باب ہوگا۔

بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لی ان کی یہ دلچسپی پاکستان کرکٹ کے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کا کہنا ہے کہ ہم نے نہ صرف ایک تاریخی سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کیے ہیں بلکہ یہ کھلاڑیوں کی ویولیو کو تسلیم کیے جانے کے ضمن میں ایک اہم قدم بھی ہے اور یہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

==

قومی انڈر19 کرکٹ چیمپئن شپ میں کراچی وائٹس ناقابل شکست۔

لاہور27 ستمبر، 2023:

قومی انڈر 19 کرکٹ چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ کے اختتام پر کراچی وائٹس گروپ اے میں دونوں میچ جیت کر سرفہرست ہے۔
یاد رہے کہ قومی انڈر نائنٹین کرکٹ چیمپئن شپ میں اٹھارہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ دوسرے راؤنڈ کے میچز پانچ شہروں میں کھیلے گئے۔ گروپ بی میں راولپنڈی انڈر19 کی ٹیم بہتررن ریٹ کی بنیاد پر اسلام آباد اور پشاور کے مقابلے میں پہلے نمبر پر رہی۔ ان تینوں ٹیموں نے چار چار پوائنٹس حاصل کیے تھے۔ گروپ سی میں بہاولپور انڈر19 کی ٹیم بارہ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔
قابل ذکر انفرادی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں کراچی وائٹس کے لیگ اسپنر عبدالمعیض اور لیفٹ آرم اسپنر طیب حسین نے کوئٹہ کے خلاف پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ کوئٹہ کے اکرام اللہ نے بھی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

فیصل آباد انڈر 19 کے حسیب نے آزاد جموں کشمیر کے خلاف میچ میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

حیدرآباد انڈر 19 کے نعمان علی نے فاٹا کے خلاف 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

ملتان انڈر 19 کے مہیر سعید نے پشاور کے خلاف83 رنز اسکور کیے۔ راولپنڈی انڈر 19 کے آف اسپنر سعد مسعود نے اسلام آباد کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ پول سی میں بہاولپور انڈر19 کے اوپنر حمزہ نواز نے ایبٹ آباد کے خلاف 92 رنز بنائے ۔

قومی انڈر19 کرکٹ چیممپئن شپ کا تیسرا راؤنڈ 29 ستمبر سے شروع ہوگا۔

پول اے میں کراچی وائٹس کا مقابلہ حیدرآباد سے یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں ۔

فیصل آباد کا مقابلہ فاٹا سے کے سی سی اے اسٹیڈیم کراچی میں اور کوئٹہ اور آزاد کشمیر کا مقابلہ اوول گراؤنڈ کراچی میں ہوگا۔

پول بی میں لاہور بلوز کا مقابلہ راولپنڈی سے سعید اجمل اکیڈمی فیصل آباد میں

ملتان اور اسلام آباد کا مقابلہ بورہنوالا گراؤنڈ فیصل آباد میں ہوگا جبکہ لاڑکانہ کی ٹیم پشاور کا سامنا اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کرے گی۔

پول سی میں کراچی بلوز کی ٹیم سیالکوٹ کے خلاف گوجرانوالہ میں مدمقابل ہوگی ۔ لاہور وائٹس کا مقابلہ بہاولپور سے شیخوپورہ میں اور ڈیرہ مراد جمالی کا مقابلہ ایبٹ آباد سے سرگودھا میں ہوگا۔
=======================
پاکستان کرکٹ بورڈ اور لفبرا کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخظ

لاہور 27 ستمبر، 2023:

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائنیٹک کیو، لفبرا سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں ۔

منگل کی شام نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والی اس تقریب میں یہ دستخط کیے گئے ۔ اس ایم او یو کا بنیادی نکتہ کرکٹ میں بائیو مکینکل پہلوؤں پر مکمل توجہ مرکوز رکھتے ہوئے ریسرچ اور تجزیے ہیں جن میں فاسٹ بولرز کے منیجمنٹ پروگرام اور انہیں انجریز سے محفوظ رکھنا، کھلاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنانا، کوچز کی سائنسی خطوط پر تعلیم شامل ہیں جنہیں صرف کوچز ان کے سپورٹ اسٹاف امپائرز اور کیوریٹرز کے ٹریننگ کورس تک محدود نہ رکھا جائے ۔

ڈائنیٹک کیو اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس اشتراک سے پاکستانی کرکٹرز کو ٹیکنالوجی اور سائنٹیفک مہارت سے منسلک کرکے ان کی مہارت اور کارکردگی میں اضافے میں مدد ملے گی۔

ڈائنیٹک کیو پاکستان میں کھلاڑیوں کو ایسے کورسز پیش کرے گا جو کھیل کے مستقبل کے تناظر میں ان کھلاڑیوں کو مکمل معلومات اور مہارت فراہم کریں گے ۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف۔ چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے قائم مقام ڈائریکٹر ذاکرخان۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک ندیم خان اور سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک جنید ضیا شریک ہوئے جبکہ لفبرا کی طرف سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈائنیٹک مکی کلارک اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر سوچو کرکٹ علی احسن شریک تھے۔اس موقع پر ذکا اشرف کو پریزنٹیشن دی گئی۔

اس موقع پر ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ یہ اشتراک اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہم پاکستان کرکٹ میں بہترین معیارکو حاصل کرنے کے سلسلے میں کس قدر سنجیدہ ہیں۔ اس ایم او یو سے کھلاڑیوں کی کارکردگی کے سلسلے میں جسمانی پہلوؤں کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی اور یہ کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری کے ضمن میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

اس موقع پر مکی کلارک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فاسٹ بولنگ کے غیرمعمولی ٹیلنٹ کے ساتھ کام کرنے کا یہ ایک بہترین موقع ہوگا۔ ہماری کوشش ہے کہ یہ بولرز جدید سائنٹیفک ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے فٹنس کو یقینی بناتے ہوئے اپنی کارکردگی میں بھی اضافہ کریں ۔
============

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC