میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو اس کی منزل سے گمراہ نہیں کر سکتی، پاکستان کل بھی تھا، آج بھی ہے اور ان شااللہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا،


کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو اس کی منزل سے گمراہ نہیں کر سکتی، پاکستان کل بھی تھا، آج بھی ہے اور ان شااللہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا، وہ ابوبکر ہال کلفٹن میں “نصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن” کی خصوصی بچوں اور افراد کے لئے “جشن آزادی کی خصوصی تقریب” سے خطاب کر رہے تھے- تقریب سے ٹرسٹ کے چیئرمین مفتی محمد محی الدین، معروف صحافی سعید خاور، دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئر (ر) راشد صدیقی، سیکرٹری جنرل نصرت ٹرسٹ مفتی ابو قتادہ محی الدین، مفتی ابوطلحہ محی الدین نے خطاب کیا- تقریب کا باقاعدہ آغاز معذور بچے کریم بخش نے جشن آزادی کے اوصاف پر روشنی ڈال کر کیا- میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کو شایان شان مناتی ہیں تاکہ وہ اقوام عالم میں اپنا وجود منوا سکیں- انہوں نے معذور بچوں کے ساتھ جشن آزادی کی تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے معذور بچوں اور افراد کے ذہنوں میں معاشرے کا لازمی جزو ہونے کا احساس اجاگر ہوتا ہے- بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ نصرت ٹرسٹ کے چیئرمین مفتی محمد محی الدین کی مشاورت سے “بے نظیر بھٹو پارک” میں خصوصی بچوں اور افراد کے لئے خصوصی گوشہ قائم کرے گی اور ساحل پر بھی خصوصی بچوں اور افراد کی تفریح کے لئے منصوبے کا جائزہ لے گی- “نصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن” کے چیئرمین مفتی محمد محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن کی آزادی کا جشن منانا اسلام کے عین مطابق ہے۔ مفتی محی الدین نے کہا کہ نصرت ٹرسٹ 2004 سے معذور بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم و تربیت اور کفالت کے لئے کوشاں ہے، اس سلسلے میں ملیر میں پانچ ایکڑ پر معذور بچوں کے لئے جدید ترین کمپلیکس تعمیر کر رہا ہے جس کی جنوبی ایشیا میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی- انہوں نے اس عظیم منصوبے کی تکمیل کے لئے مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل بھی کی- دیگر مقررین سعید خاور، بریگیڈئر (ر) راشد صدیقی، مفتی ابو قتادہ محی الدین، مفتی ابو طلحہ محی الدین اور آصف خان نے جشن آزادی پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کی اور عہد کیا کہ وہ وطن کی سلامتی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے-تقریب کے اختتام پر پاکستان کے 76 ویں جشن آزادی مناسبت سے 76 معذور بچوں کو مفت وہیل چیئر تقسیم کی گئیں-
================================

نگران وزیراعظم کی حلف برداری کے بعد نگران وفاقی کابینہ کے نام سامنے آگئے، کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت بھی شروع کردی گئی، نگران وزیراعظم جلد وزراء کے ناموں کا اعلان کریں گے۔ ہم نیوز کے مطابق نگران وزیراعظم نے حلف اٹھانے کے بعد اپنی نگران کابینہ کیلئے اہم ناموں پر غور شروع کردیا ہے، نگران کابینہ کیلئے بڑی وزارتوں وزارت خارجہ، وزارت خزانہ، وزارت داخلہ سمیت دیگر کے قلمدان سونپنے کیلئے مشاورت بھی شروع کردی ہے۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سابق سفیر جلیل عباس جیلانی کو وزیر خارجہ، ڈاکٹرشعیب سڈل وزیر داخلہ، احسن بھون کو وزیر قانون، ڈاکٹرحفیظ شیخ کو وزیر خزانہ، گوہراعجاز کو وزیر صنعت کے قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔

اسی طرح سرفراز بگٹی اور ذوالفقار چیمہ کو بھی نگران کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے 14 اگست کو یوم آزادی پر نگران وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

گزشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی سمری پر صدر مملکت نے بھی دستخط کردیے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کا دوسرا دور ہوا جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف لاہور روانہ ہوگئے تھے۔
انوار الحق کاکڑ کو وزیر اعظم کا پروٹوکول دے دیا گیا۔ نگران وزیراعظم کا فیصلہ ہفتے کو ہوا تھا جس کیلئے قائد حزب اختلاف راجا ریاض نے انوار الحق کاکڑ کا نام دیا تھا جس پر شہباز شریف نے اتفاق کیا بعد ازاں صدر عارف علوی نے تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔آج انوار الحق کاکڑ نے بطور نگران وزیراعظم عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔نگران وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی جس میں اہم سیاسی شخصیات اور افسران نے شرکت کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے حلف لیا۔ خیال رہے کہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا تعلق بلوچستان کے ضلع کاکڑ سے ہے، انہوں نے کوئٹہ سے ابتدائی تعلیم حاصل کی جس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن چلے گئے، انہوں نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں ماسٹرکیا۔ انوار الحق نے عملی سیاست کا سفر سابق صدر و آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے دور سے شروع کیا تھا۔
سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے 2008 میں (ق) لیگ کے ٹکٹ پرکوئٹہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا جس میں انہیں کامیابی نہ مل سکی۔انوار الحق کاکڑ نے اپنے علاقے کی قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑا تھا۔ سینیٹر انوار الحق کاکڑ 2013 میں بلوچستان حکومت کے ترجمان رہے جب کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی تشکیل میں ان کا کلیدی کردار رہا۔ بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر انوار الحق کاکڑ 12مارچ 2018 میں آزاد حیثیت سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانی کے چیئرمین ہیں۔
انوار الحق کاکڑ اس وقت بھی بطور سینیٹر ایوان بالا میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔انوار الحق کاکڑ نے رواں سال صوبے میں بننے والی نئی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔