)پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال کا چارج سنبھالتے ہی ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا


لاہور ( جنرل رپورٹر )پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال کا چارج سنبھالتے ہی ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے اہم فیصلے بھی کئے گئے، جن پر فوری عمل درامد کیا جائے گا۔پروفیسر الفرید ظفر نے پروفیسر ندرت سہیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہسپتال کے انتظامی امور احسن طریقے سے چلانے کے لئے بھرپور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، یہ ایک ٹیم ورک ہے جس کے لئے وہ ملازمین کے ڈسپلن کو یقینی بنائیں،اے ایم ایس و ڈی ایم ایس کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے۔پرنسپل نے کہا کہ ایم ایس روزانہ کی بنیاد پر ایمر جنسی اور دیگر شعبوں کا خود راؤنڈ کریں اور جہاں کوتاہی پائی جائے وہاں فوری ایکشن ہونا چاہیے۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ادارے میں سزا اور جزا کے فارمولے پر عمل کیے بغیر بہتری نہیں لائی جا سکتی۔ ایل جی ایچ ایک بہترین ادارہ ہے جہاں لاہور شہر کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی مریضوں کی بڑی تعداد علاج معالجے کے لئے آتی ہے اور ہمیں ہر مریض کو وی آئی پی کادرجہ دیتے ہوئے علاج معالجے کی زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔ ایم ایس نے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر سے ملاقات میں یقین دلایا ہے کہ وہ حکومت اور
عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے پر عزم ہیں جس کے لئے وہ اپنے تجربے کی روشنی میں بہتر سے بہتر اقدام اٹھائیں گی اور ایل جی ایچ میں مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کے علاوہ اُن کے علاج معالجہ کیلئے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل نے انتظامی امور کے حوالے سے بھی فوری اجلاس منعقد کیا اور تمام شعبہ جات میں بہتری لانے کے لئے حکومتی ہدایات کی روشنی میں احکامات جاری کیے۔
=========================