کویت میں پاکستانی سفارت خانہ کے زیر اہتمام گرینڈ مینگو فیسٹیول کا اہتمام رائل فیملی کی اہم رکن شیخہ امثال الاحمد الجابر الصباح کی خصوصی شرکت

کویت میں پاکستانی سفارت خانہ کے زیر اہتمام پاکستان اور کویت کے سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے حوالہ سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلہ میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام کویت والنٹیری ورک سنٹر اور اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبیٹیٹ کے زیر اہتمام ایک گرینڈ مینگو فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا جس میں کویت والنٹیری سنٹر کی چیئرپرسن اور رائل فیملی کی اہم رکن شیخہ امثال الاحمد الجابر الصباح، سفیر پاکستان ملک محمد فاروق، کویت میں اقوام متحدہ کی نمائندہ ڈاکٹر امیر الحسن، پاکستان بزنس سنٹر کویت کے منیجنگ ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر، انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے چئیرمین پیر امجد حسین، دوست ممالک کے سفارت کاروں اور پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیات اور فیملیز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کویت سٹی کی قدیم مارکیٹ شوق المبارکیہ میں فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مارکیٹ کو بڑی خوبصورتی سے کویت اور پاکستان کے پرچموں سے سجایا گیا تھا۔پاکستانی آموں کی مختلف اقسام اسٹالز پر موجود تھے جو شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔سفیر پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان اور کویت کے سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں منعقد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے لذیذ ترین آموں کی مختلف اقسام پیدا کی جاتی ہے اور پاکستان آم کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے۔ شیخہ امثال الاحمد الجابر الصباح نے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور کویت دوستی کے عظیم رشتے میں بندھے
ہوئے ہیں۔تقریب کی کمپیئرنگ کے فرائض سفارت خانہ کی ہیڈ آف چانسری مادام تحریم الیاس نے انجام دئیے۔ اس موقعہ پر رنگا رنگ میوزیکل پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ پاکستان سے آنے والے فنکار علی عباس نے فن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی لوگ گیت اور ملی نغمے پیش کئے۔ طارق اقبال کویت
==========================