یمنیٰ زیدی روحی بانو کی طرح باصلاحیت اور فطری اداکارہ ہیں: بشریٰ انصاری

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ نادیہ جمیل اور وہاج علی کے بعد اب ہر فن مولا اداکارہ بشریٰ انصاری بھی ساتھی اداکارہ یمنیٰ زیدی کے حق میں سامنے آ گئیں اور انہوں نے اداکارہ نادیہ افگن کو نصیحت کر دی۔
ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ میں میرب کی ساس کا کردار نبھانے والی اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی بہو میرب یعنی یمنیٰ زیدی پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ بشریٰ انصاری نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے شو کی میزبان کے لیے لکھا ہے کہ براہِ کرم مہمانوں سے ایسے نازیبا سوالات مت پوچھیں اور سینئر ہونے کے سبب ہمیں اپنی نئی نسل کو کم درجہ نہیں دینا چاہیے۔
انہوں نے ساتھی اداکارہ نادیہ افگن کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ نے اپنا کام کیا اور لوگوں نے آپ کو بھی بہت سراہا لیکن یمنیٰ زیدی ان چند باصلاحیت اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے گزشتہ چند برسوں میں اپنی جگہ بنائی ہے، میں نے یمنیٰ زیدی کو روحی بانو کی طرح باصلاحیت اور فطری اداکارہ پایا ہے۔

سینئر اداکارہ نے کہا ہے کہ ٹھیک ہے اگر آپ کا اپنا نظریہ ہے تو اسے یوں عوامی سطح پر نہ کہیں، یہ بری بات ہے۔

بشریٰ انصاری نے نادیہ افگن کے لیے ایک اور خصوصی پوسٹ شیئر کی اور وضاحت پیش کی جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ نادیہ ایک بہترین اداکارہ اور باکمال ذہن رکھنے والی ڈائریکٹر ہیں، وہ میری چھوٹی بہنوں کی طرح ہیں، میں نے انہیں صرف نئی نسل کے لیے خیالات کا اظہار کرنے سے متعلق مشورہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ لوگ ہر چیز پر ضرورت سے زیادہ باتیں کرتے ہیں، وہ ایک سینئر اداکارہ ہیں، ان سے اخلاق سے پیش آئیں، میں پروگرامز کے تمام میزبانوں سے درخواست کرتی ہوں کہ آرٹسٹ کو اس قسم کی صورتِ حال میں نہ ڈالیں۔

وراسٹائل اداکارہ بشریٰ انصاری کی جانب سے سراہے جانے پر اداکارہ یمنیٰ زیدی نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔